عادل آباد کے ڈائٹ میدان میں دسہرہ تقریبات کا آغاز
کَندی مونا سرینواس ریڈی کے ہاتھوں بھومی پوجا، سناتن ہندو اتسو سمیتی کے زیرِ اہتمام پروگرام
عادل آباد۔11/اکتوبر(تلنگانہ وائس) عادل آباد کانگریس پارٹی کے اسمبلی انچارج کَندی سرینواس ریڈی کی اہلیہ کَندی مونا سرینواس ریڈی نے خواہش ظاہر کی کہ درگا ماتا کی آشیرواد سے تمام عوام خوشحالی، امن و سکون کے ساتھ زندگی بسر کریں۔ انہوں نے عوام کو دسہرہ اور خواتین کو بتکما تہوار کی مبارکباد پیش کی۔

سناتن ہندو اتسو سمیتی کے زیرِ اہتمام اتوار کے روز عادل آباد کے مقامی ڈائٹ کالج میدان میں بتکما اور دسہرہ تقریبات کے انعقاد کے سلسلے میں بھومی پوجا کی گئی۔ اس پروگرام میں کَندی مونا سرینواس ریڈی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے سمیتی کے ارکان کے ہمراہ بھومی پوجا انجام دی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وجئے دشمی کا تہوار برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے، جس کے تحت راون دہن کا پروگرام منعقد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے گزشتہ 14 برسوں سے مسلسل ڈائٹ میدان میں راون دہن کی روایت برقرار رکھنے اور اس سال بھی تقریبات کے انعقاد پر سناتن ہندو اتسو سمیتی کی خدمات کی ستائش کی۔
Advertising

کَندی مونا سرینواس ریڈی نے کہا کہ سناتن ہندو اتسو سمیتی ہندو تہذیب و ثقافت اور روایات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عادل آباد شہر میں سماجی مفاد کے لیے مختلف ہندو تہواروں کا اہتمام کرتی آ رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سمیتی مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ مزید تقریبات منعقد کرے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دسہرہ اور بتکما کے تہوار خوشی، جوش و خروش اور باہمی اتحاد کے ساتھ منائیں۔
اس پروگرام میں آتما کمیٹی کے چیئرمین گِمّا سنتوش راؤ، قائدین بنڈاری ستیش، درشنا اشوک، ڈیرا کرشنا ریڈی، نرسملو، ویدک پنڈت سنتوش شرما، سناتن ہندو اتسو سمیتی کے صدر پرمود کھتری، انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر کرانتی، ڈاکٹر رجیتا، سمیتی کے اعزازی صدر کندولا رویندر، جنرل سکریٹری رینیکنٹہ رویندر، خزانچی سنتوش اگروال، کارگزار صدر دشرتھ، نائب صدور سمن پلی نرسملو، سریش پودوال، مہپال، سبھاش اورڈے، تروپتی ریڈی، وجئے سمیت دیگر افراد موجود تھے۔

