عادل آباد میں بالا شنکر کرشنا نے 91ویں مرتبہ خون کا عطیہ دیا
ہنگامی حالت میں معصوم بچے کے لئے نصف شب کو پہنچ کر کیا خون کا عطیہ؛ 90 مرتبہ خون عطیہ کرنے پر اعزازات سے بھی سرفراز
عادل آباد، 17 اکتوبر (تلنگانہ وائس ڈیسک) عادل آباد ضلع کے معروف سماجی کارکن، ریڈ کراس سوسائٹی کے سابق نائب صدر اور نوجوانوں کی تنظیموں کے ضلعی صدر بالا شنکر کرشنا نے ایک مرتبہ پھر انسانیت کی مثال پیش کرتے ہوئے ہنگامی حالت میں ایک معصوم بچے کے لیے 91ویں مرتبہ خون کا عطیہ دیا۔

تفصیلات کے مطابق، جمعہ کی نصف شب ایک بچے کو علاج کے دوران پلیٹ لیٹس کی ضرورت پیش آئی۔ بچے کے رشتہ دار اشوک نے بال شنکر کرشنا سے خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی۔اطلاع ملتے ہی وہ فوری طور پر اس اسپتال پہنچے جہاں بچہ زیرِ علاج تھا اور اس کی حالت دریافت کرنے کے بعد ایک خانگی بلڈ بینک جا کر بچے کے لیے خون کا عطیہ دیا۔

اس موقع پر بچے کے والدین سریش اور کلیانی نے مشکل وقت میں مدد کرنے پر بال شنکر کرشنا سے اظہارِ تشکر کیا۔واضح رہے کہ بالا شنکر کرشنا 90 مرتبہ خون کا عطیہ دینے پر مختلف اعزازات بھی حاصل کر چکے ہیں۔ عالمی یومِ عطیۂ خون کے موقع پر ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ، آئی اے ایس کی نگرانی میں منعقدہ پروگرام میں انہیں 90ویں مرتبہ خون کا عطیہ دینے پر توصیفی سند اور یادگاری نشان پیش کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 90 مرتبہ خون کا عطیہ دینے پر انہیں ریاستی گورنر کے ہاتھوں ریاست کے بہترین خون عطیہ کنندہ کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔
Advertising

اس موقع پر امبیڈکر ایکتا ویدیکا کے قائدین الوری بھومنا، درشنالا ناگیش، نارائن، بی آر ایس کے عادل آباد انچارج قائد وینوگوپال، ستیہ نارائنا، اوٹَرکر لکشمی نارائنا، بلڈ بینک کے عملے شیو اور سلیمان سمیت دیگر افراد موجود تھے۔بالا شنکر کرشنا کی یہ خدمتِ خلق معاشرے میں رضاکارانہ خون کے عطیے کی اہمیت اور ضرورت مندوں کی مدد کے جذبے کو اجاگر کرتی ہے۔

