کانگریس میں رہنے والوں کا مستقبل روشن ہے، پارٹی کو مضبوط بنائیں ۔ کندی سری نواس ریڈی عادل آباد میں کانگریس قائدین و کارکنوں کا خصوصی اجلاس، کندی مونا سری نواس ریڈی عملی سیاست میں قدم رکھیں گی

کانگریس میں رہنے والوں کا مستقبل روشن ہے، پارٹی کو مضبوط بنائیں ۔ کندی سری نواس ریڈی

عادل آباد میں کانگریس قائدین و کارکنوں کا خصوصی اجلاس، کندی مونا سری نواس ریڈی عملی سیاست میں قدم رکھیں گی

عادل آباد، 21 اکتوبر (خضر یافعی)عادل آباد کانگریس پارٹی کے اسمبلی انچارج کندی سری نواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی پر بھروسہ کرکے کام کرنے والے قائدین اور کارکنوں کے ساتھ پارٹی ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ غیر ضروری طور پر پارٹی تبدیل نہ کریں، کیونکہ کانگریس میں ان کا مستقبل روشن ہے۔

 

بدھ کے روز عادل آباد شہر میں واقع اپنے کیمپ آفس میں منعقدہ کانگریس کے اہم قائدین کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کندی سری نواس ریڈی نے اپنی اہلیہ کندی مونا سری نواس ریڈی کے ہمراہ شرکت کی۔ انہوں نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ پارٹی کے لیے وفاداری کے ساتھ کام کرنے والوں کو مناسب مقام اور انصاف ضرور ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اندراماں مکانات کانگریس حکومت کی جانب سے فراہم کیے جا رہے ہیں اور اس میں بی جے پی کا کوئی کریڈٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں مکانات کی بلوں کی جلد منظوری کے لیے حکومتی قواعد کے مطابق تین رنگوں پر مشتمل پارٹی پرچم کے رنگوں کو مکانات پر پینٹ کرنا ضروری ہے۔

 

کندی سری نواس ریڈی نے مقامی رکن اسمبلی پائل شنکر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ایئرپورٹ منصوبے کو اپنے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسی طرح اندراماں مکانات کی فراہمی کا سہرا بھی اپنے سر باندھ رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اندراماں مکانات میں مرکزی حکومت کی جانب سے ایک روپیہ بھی شامل نہیں ہے۔

 

انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ دیہات اور وارڈوں میں جن مستحقین کو اندراماں مکانات منظور ہوئے ہیں، انہیں مٹھائی کے پیکٹ پیش کرتے ہوئے مبارکباد دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی غریب خاندان کو ابھی تک مکان منظور نہیں ہوا ہے تو ایسے افراد کی فہرست تیار کرکے رکھیں، تاکہ انہیں بھی مکانات کی منظوری دلانے کے لیے کوشش کی جاسکے۔

Advertising

کندی سری نواس ریڈی نے مقامی رکن اسمبلی پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں ان کے تئیں ناراضگی پائی جاتی ہے اور اگر فوری انتخابات ہوں تو انہیں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کندی مونا سری نواس ریڈی عملی سیاست میں قدم رکھیں گی

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کندی سری نواس ریڈی نے اعلان کیا کہ ان کی اہلیہ کندی مونا سری نواس ریڈی عملی سیاست میں قدم رکھنے جا رہی ہیں۔ انہوں نے قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ انہیں اپنے آشیرواد اور تعاون سے نوازیں۔

اس موقع پر کندی مونا سری نواس ریڈی نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عملی سیاست میں داخل ہو رہی ہیں اور انہیں تمام قائدین و کارکنوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال سیاسی امور سیکھ رہی ہیں اور اگر انہیں کسی معاملے میں معلومات نہ ہوں تو ساتھی انہیں سکھائیں، وہ ضرور سیکھنے کی کوشش کریں گی۔

 

انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر سرگرم رہیں اور حکومت کی فلاحی اسکیموں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی جانب سے کیے جانے والے کام عوام تک پہنچنے چاہئیں اور محنت و لگن کے ساتھ کام کرنے والوں کو ضرور پہچان ملتی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اگر دو سال تک مسلسل محنت کی جائے تو کامیابی ضرور حاصل ہوگی۔ انہوں نے سیاسی سفر کے آغاز پر عوام سے دعاؤں اور آشیرواد کی اپیل کی۔

کندی سری نواس ریڈی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر کام کریں تاکہ ریاست میں ایک مرتبہ پھر ریونت ریڈی کی حکومت قائم ہو اور مرکز میں راہول گاندھی وزیر اعظم بنیں۔ انہوں نے تمام قائدین اور کارکنوں کو دسہرہ، دیوالی اور بتکما تہواروں کی مبارکباد بھی پیش کی۔

بعد ازاں اجلاس کے دوران متعدد مستحقین میں اندراماں مکانات کی منظوری سے متعلق پروسیڈنگ کاپیاں تقسیم کی گئیں۔

اس اجلاس میں آتما کمیٹی کے چیئرمین گِمّا سنتوش راؤ، کونسلرز سواتی منگیش، اناپورنا، محبوب اور پرویز، قائدین بنڈاری ستیش، بورلہ شنکرایا، سدھاکر گوڑ، شانتن راؤ، گڈی پلی ناگیش، کونڈا گنگادھر، منیگیلا وٹھل، ایل ٹی بھوجا ریڈی، شاہد علی، راجا ریڈی، بھوپلی شری دھر، وینکٹ یادو، الچیٹی ناگنا، اچیوت، رام ریڈی، سنٹینا، عتیق، سونیا منتھنی، زبیدہ، جمنا بائی، روپا روزلین کے علاوہ مختلف دیہات کے سرپنچ، نائب سرپنچ، منڈل کانگریس صدور، مختلف ذیلی تنظیموں کے صدور اور دیگر اہم قائدین و کارکنوں نے شرکت کی۔