سوسائٹیوں کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں ۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ مارکیٹ یارڈس اور گوداموں کی تعمیر، سولر پاور پلانٹس کے قیام اور قرضوں کی فراہمی پر زور

سوسائٹیوں کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں ۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ

مارکیٹ یارڈس اور گوداموں کی تعمیر، سولر پاور پلانٹس کے قیام اور قرضوں کی فراہمی پر زور

عادل آباد، 27 اکتوبر(تلنگانہ وائس) ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی ترقی کے لیے جامع اور مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ منگل کے روز ضلع مرکز میں واقع ڈی سی سی بی بینک کے ہیڈ آفس کے میٹنگ ہال میں منعقدہ 99ویں مہاجن سبھا کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے سوسائٹیوں کی ترقی، قرضوں کی فراہمی اور سرکاری اسکیموں پر عمل آوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اچوڈہ، گوڈی ہتنور، تامسی اور بازار ہتنور سمیت دیگر سوسائٹیوں کے دائرہ کار میں کم از کم 3 ایکڑ اراضی کے حصول کا عمل مکمل کرتے ہوئے مارکیٹ یارڈس اور گوداموں کی تعمیر کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ سوسائٹیوں کے زیرانتظام سولر پاور پلانٹس قائم کرنے سے اضافی آمدنی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ خانگی اداروں اور دلچسپی رکھنے والے افراد کے اشتراک سے پی ایم کُسم (PM-KUSUM) سولر پمپ سیٹ اسکیم کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے کی ہدایت دی۔

 

کلکٹر نے سوسائٹیوں میں ڈپازٹس میں اضافہ کرنے اور نیشنل کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن (NCDC) کے ذریعے کم شرح سود پر دستیاب قرضوں سے بھرپور استفادہ کرنے پر بھی زور دیا۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ ضلع سطح کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں زیرالتوا چھوٹے مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے ہر مستحق فرد تک سرکاری اسکیموں اور سہولتوں کے فوائد پہنچانے کو یقینی بنائیں۔

اس اجلاس میں اڈیشنل کلکٹر آر ایس چترُو، ضلع کوآپریٹیو آفیسر ستیہ نارائنا، نابارڈ کے ڈی ڈی ایم عبدالروف، منچریال اور آصف آباد اضلاع کے کوآپریٹیو آفیسر کروناکر، سی ای او چنڈی، وشویشور ریڈی، سوسائٹیوں کے صدور، بینک عہدیداروں اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔