طلبہ کے لیے پولیس اسٹیشن میں اوپن ہاؤس پروگرام
ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے طلبہ کو پولیس کے فرائض، جدید آلات اور فنگر پرنٹس کی شناخت کے طریقۂ کار سے واقف کروایا
پولیس شہداء کی قربانیوں سے ہر ایک کو واقف کروانا ضروری ہے ۔ ضلع ایس پی
عادل آباد، 28/اکتوبر(تلنگانہ وائس)
پولیس شہداء کی یادگاری ہفتہ تقریبات کے تحت عوامی فلاحی پروگراموں کے ایک حصے کے طور پر ضلع عادل آباد کے تمام پولیس اسٹیشنوں اور پولیس دفاتر میں طلبہ و طالبات کے لیے اوپن ہاؤس پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں سرکاری اور خانگی اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے پولیس کے فرائض اور پولیس اسٹیشن کے انتظامی امور کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

عادل آباد کے ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں منعقدہ اوپن ہاؤس پروگرام کا ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے معائنہ کیا۔ اس موقع پر شہر کے مختلف سرکاری اور خانگی اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ایس پی اکھل مہاجن نے طلبہ کو پولیس کے روزمرہ فرائض، ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والے آلات، جدید ٹیکنالوجی اور جرائم کی تحقیقات میں فنگر پرنٹس کی مدد سے ملزمین کی شناخت کے طریقۂ کار سے تفصیلی طور پر واقف کروایا۔ انہوں نے پولیس کے مواصلاتی نظام اور اس کے کام کرنے کے طریقے بھی سمجھائے۔
ایس پی نے پولیس شہداء کی یاد میں یومِ شہداء منانے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کی خدمات سے ہر شخص کو واقف کروانا ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ پولیس سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اس کا احترام کریں اور کسی بھی ہنگامی یا مشکل صورتحال میں پولیس سے رجوع کرتے ہوئے مدد حاصل کریں۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ پولیس نظام عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے 24 گھنٹے خدمات انجام دیتا ہے۔ ضلع عادل آباد میں آج جو پُرامن ماحول قائم ہے، وہ ماضی میں پولیس شہداء کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
ایس پی نے عوام اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ پولیس شہداء کی یاد میں ہفتہ بھر جاری رہنے والے عوامی فلاحی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
ضلع بھر کے پولیس اسٹیشنوں میں منعقدہ ان پروگراموں کے ذریعے طلبہ نے پولیس اسٹیشنوں کے انتظامی امور، پولیس کی ذمہ داریوں اور جرائم کی تحقیقات کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں اہم معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی، ون ٹاؤن انسپکٹر بی۔ سنیل کمار، سب انسپکٹرز اشوک، ناگناتھ اور دیگر پولیس ملازمین موجود تھے۔

