تحریکِ ہندو مسلم اتحاد کے تحت کڈپہ میں اہم تربیتی اجلاس، رواداری اور عملی اقدامات پر زور
کنوینرِ تحریک حضرت مولانا سید اسجد مدنی صاحب کا پُراثر خطاب
کڈپہ، آندھرا پردیش۔9/اکتوبر(تلنگانہ وائس) تحریکِ ہندو مسلم اتحاد کے تحت کڈپہ میں ایک اہم تربیتی اجلاس حضرت مولانا مفتی معصوم ثاقب صاحب دامت برکاتہم، جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند کی نگرانی میں، محترم جناب حامد حسین صاحب، صدر جمعیت علماء ضلع کڈپہ کی میزبانی میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں جگر گوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی صاحب دامت برکاتہم، نائب صدر جمعیت علماء ہند و کنوینر تحریکِ ہندو مسلم اتحاد، نے بطور مہمانِ خصوصی اور خصوصی مربی شرکت فرمائی اور نہایت پرمغز، جامع اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ حضرت نے موجودہ ملکی و عالمی حالات کے تناظر میں ہندو مسلم اتحاد، باہمی رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے بنیادی اصولوں کے ساتھ ساتھ ان کے عملی تقاضوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
Advertising

اس موقع پر جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سکریٹری حضرت مفتی محمود زبیر قاسمی مدظلہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے غیر مسلم بھائیوں کے ساتھ حسنِ سلوک، رواداری اور باہمی احترام کے حوالے سے سیرت و تاریخ کے اہم واقعات بیان کیے۔ نیز دونوں تلگو ریاستوں کی موجودہ صورتِ حال اور اتحاد و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضروری عملی اقدامات پر اظہارِ خیال کیا۔
جمعیت علماء جھارکھنڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا مفتی شہاب الدین قاسمی صاحب دامت برکاتہم نے جھارکھنڈ میں اس سلسلے میں انجام دی جانے والی خدمات اور تربیتی ورکشاپس کے تجربات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اجلاس میں جمعیت علماء کرناٹک کے جنرل سکریٹری محترم جناب محب اللہ امین صاحب بھی شریک رہے۔
اجلاس میں ضلع کڈپہ اور مختلف منڈلوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ جمعیت علماء ضلع نندیال کے صدر محترم جناب امجد باشا صاحب بھی شریکِ اجلاس رہے۔
اجلاس مجموعی طور پر کامیاب رہا۔ شرکاء نے تحریکِ ہندو مسلم اتحاد کے مقاصد کے فروغ، باہمی رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے لیے منظم اور عملی جدوجہد کی اہمیت پر زور دیا۔
ان شاء اللہ 15 اکتوبر کو دارالعلوم رحمانیہ، تالاب کٹہ، حیدرآباد میں ریاستی سطح کا یک روزہ تربیتی اجلاس ان بزرگوں کی آمد پرمنعقد ہوگا، جس میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے تمام اضلاع اور منڈلوں کے ذمہ داران شرکت کریں گے۔
جمعیت علماء کے تمام ارکان، ذمہ داران اور متعلقہ احباب سے پُرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس اہم تربیتی اجلاس میں شرکت فرما کر تحریکِ ہندو مسلم اتحاد کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور باہمی رواداری و سماجی ہم آہنگی کی عملی جدوجہد کو مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

