حکومت کسانوں کے ساتھ، وعدے کے مطابق ہر دانہ خریدا گیا
83 کروڑ روپے کی ادائیگیاں جلد کسانوں کے کھاتوں میں جمع ہوں گی: بورنچو سری کانتھ ریڈی
عادل آباد، 17. جون (تلنگانہ وائس)
عادل آباد زرعی مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین بورنچو سری کانتھ ریڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں عوامی حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق کسانوں کی پیداوار کا ایک ایک دانہ خریدا ہے۔ وہ زرعی مارکیٹ کمیٹی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کسان کے بیٹے ہونے کے ناطے انہیں کسانوں کے مسائل کا بخوبی علم ہے۔ گزشتہ برسوں میں خریداری مراکز پر کسانوں کو پیش آنے والی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مرتبہ خصوصی اقدامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں خریداری کا عمل منظم انداز میں مکمل ہوا۔
بورنچو سری کانتھ ریڈی نے بتایا کہ موجودہ سیزن میں عادل آباد زرعی مارکیٹ کے دائرہ کار میں 7,680 کسانوں سے 2 لاکھ 23 ہزار 675 کوئنٹل جوار خریدی گئی۔ اس خریداری کے عوض تقریباً 83 کروڑ روپے کی ادائیگیاں دو دن کے اندر کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کر دی جائیں گی۔
Advertisment

انہوں نے مزید کہا کہ چنے کی خریداری سے متعلق تمام ادائیگیاں پہلے ہی کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کی جا چکی ہیں۔ کسانوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے جلد ہی ہر پیر کو گریوینس پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں کسان اپنی شکایات براہ راست پیش کر سکیں گے۔
چیئرمین نے واضح کیا کہ عوامی حکومت کسانوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو، اس کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے اور کسانوں کی فلاح و بہبود ہی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اشتہار

اس موقع پر انہوں نے چیئرمین کا عہدہ سونپنے پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا، ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ، وزیر زراعت تمالا ناگیشور راؤ، انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ، سرکاری مشیر سدرشن ریڈی اور راجیہ سبھا رکن ویم نریندر ریڈی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ضلع کلکٹر راج رشی شاہ، ضلع ایس پی اکھل مہاجن، ٹرانسپورٹ حکام، مارکفیڈ ڈی ایم مہیش، ضلع مارکیٹ آفیسر گجانند، مارکیٹ کمیٹی کے ارکان، سوسائٹی چیئرمینوں، سی ای اوز، حمالوں کی فراہمی میں تعاون کرنے والے ذمہ داران اور ٹرانسپورٹ و لاری مالکان کا بھی خصوصی طور پر اظہارِ تشکر کیا۔
پریس کانفرنس میں مارکیٹ کمیٹی کے اراکین تاتی اشوک، مودیل پوشیٹی سمیت ریندلا راجنا، محسن، اٹلا گووردھن ریڈی، علیم اور سبھاش و دیگر موجود تھے۔

