ایس آئی آر سے متعلق  عادل آباد میں جمعیۃ علماء کا ہیلپ ڈیسک قائم، ایک ہفتہ تک عوامی شعور بیداری مہم جاری

ایس آئی آر سے متعلق  عادل آباد میں جمعیۃ علماء کا ہیلپ ڈیسک قائم، ایک ہفتہ تک عوامی شعور بیداری مہم جاری

عادل آباد، 17/ جون (تلنگانہ وائس) ریاست تلنگانہ میں 25 جون سے شروع ہونے والی ایس آئی آر (Special Intensive Revision) ووٹر میپنگ مہم کے پیش نظر جمعیۃ علماء ہند ضلع عادل آباد کی جانب سے عوام میں شعور بیدار کرنے اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے خصوصی SIR ہیلپ لائن و ہیلپ ڈیسک سنٹر کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ سنٹر عیدگاہ میدان عادل آباد میں جمعیۃ علماء ٹاؤن صدر حافظ عامر پٹیل کی نگرانی میں قائم کیا گیا ہے اور آئندہ ایک ہفتہ تک عوام کی خدمت انجام دے گا۔

جمعیۃ علماء کے ذمہ داران کے مطابق یہ اقدام جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم، تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر مفتی غیاث الدین رحمانی اور ریاستی جنرل سکریٹری مفتی زبیر قاسمی کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد عوام کو ووٹر لسٹوں کی جانچ، ناموں کی تصدیق اور میپنگ کے عمل سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ کسی بھی اہل شہری کا نام ووٹر فہرست سے خارج نہ ہو۔

اس موقع پر جمعیۃ علماء ضلع صدر مولانا عقیل احمد قاسمی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 جون سے قبل تمام شہری اپنے ضروری دستاویزات، پاسپورٹ سائز تصاویر اور دیگر مطلوبہ کاغذات تیار رکھیں تاکہ بی ایل او (BLO) کے گھر پہنچنے پر میپنگ کا عمل درست طریقے سے مکمل ہوسکے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ سن 2002 کی ووٹر لسٹ میں اپنے اور اہل خانہ کے ناموں کی جانچ کرلیں اور مکمل تیاری کے ساتھ اس عمل میں حصہ لیں۔

مولانا عقیل قاسمی نے ضلع بھر کے ائمہ مساجد، مسجد کمیٹیوں اور سماجی ذمہ داران سے بھی اپیل کی کہ وہ جمعہ کے اجتماعات اور دیگر مواقع پر عوام کو ووٹر تصدیق اور میپنگ کی اہمیت سے آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس عمل میں شامل ہوسکیں۔

اشتہار۔ ۔۔۔۔۔Advertisment

انہوں نے بتایا کہ یہ ہیلپ ڈیسک سنٹر ایک ہفتہ تک روزانہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک کام کرے گا، جہاں رضاکار اور ذمہ داران عوام کو ایس آئی آر سے متعلق مکمل معلومات، رہنمائی اور ضروری تعاون فراہم کریں گے۔ جمعیۃ علماء کے ذمہ داران نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے ووٹر اندراجات کی درستگی کو یقینی بنائیں۔

اشتہار

ہیلپ ڈیسک کے افتتاحی پروگرام میں مونسپل نمائندہ چیئرمین بنڈاری ستیش، وائس چیئرمین محمد روہت، کانگریس اقلیتی شعبہ ضلع صدر سید شاہد علی، ٹاؤن صدر خضر پاشا، محمد رضوان، جمعیۃ علماء ضلع جنرل سکریٹری حافظ افروز خان، ٹاؤن صدر حافظ عامر پٹیل، جوائنٹ سکریٹری مولانا وسیم، مفتی فیروز، مولانا شیخ احمد رمضانی، مولانا قمر صاحب، مولانا اسلام الدین، حافظ انیس، مولانا سید مبشر، حافظ امجد، حافظ بشیر، حافظ ریاض، حافظ ارشاد، حافظ فیروز، حافظ ساحر، حافظ معیز، حافظ نادر، شاداب پٹھان، محمد عامر، شیخ عمران اور دیگر سماجی، مذہبی و عوامی شخصیات بڑی تعداد میں موجود تھیں۔