ضلع بھر میں خصوصی ناکہ بندی مہم، جرائم پیشہ عناصر اور مشتبہ افراد پر پولیس کی کڑی نظر 25 چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کی سخت جانچ، ڈرنک اینڈ ڈرائیو اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی

عادل آباد، 18/جون (تلنگانہ وائس)عادل آباد  ضلع میں جرائم کی روک تھام، غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے اور امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے مقصد سے پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں خصوصی ناکہ بندی مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے تحت مہاراشٹر کی سرحدی علاقوں، قومی شاہراہوں اور شہری حدود میں خصوصی چیک پوسٹیں قائم کرتے ہوئے گاڑیوں اور مشتبہ افراد کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔

ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس کی ہدایت پر منعقدہ اس خصوصی مہم کے دوران شراب پی کر گاڑی چلانے والوں (ڈرنک اینڈ ڈرائیو)، نمبر پلیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں اور ضروری دستاویزات نہ رکھنے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ پولیس ٹیموں نے مشتبہ گاڑیوں اور افراد پر خصوصی نظر رکھتے ہوئے کئی مقامات پر فنگر پرنٹس کی بھی جانچ کی۔

پولیس کے مطابق ضلع کے تمام 20 پولیس اسٹیشن حدود میں بیک وقت ناکہ بندی عمل میں لائی گئی اور اس مقصد کے لیے 25 خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئیں۔ اس کارروائی میں پولیس افسران اور عملے نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔

اشتہار

ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی کہ جرائم کی مؤثر روک تھام کے لیے مکمل چوکسی اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں اور مشتبہ افراد و گاڑیوں پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ ضلع میں قانون و امن کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

Advertisment

اس موقع پر ڈی ایس پی جیون ریڈی، مختلف سرکل انسپکٹرس اور پولیس عملہ موجود تھا۔