اقلیتی خواتین کو خود روزگار فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے ۔ میونسپل چیرپرسن بنڈاری انوشا ستیش اقلیتی بہبود محکمہ کے زیر اہتمام مفت مہندی ڈیزائننگ تربیتی پروگرام کا افتتاح

اقلیتی خواتین کو خود روزگار فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے ۔ میونسپل چیرپرسن بنڈاری انوشا ستیش

اقلیتی بہبود محکمہ کے زیر اہتمام مفت مہندی ڈیزائننگ تربیتی پروگرام کا افتتاح

 

عادل آباد۔5/نومبر(تلنگانہ وائس) ریاست تلنگانہ حکومت کی جانب سے اقلیتی بہبود محکمہ کے زیر اہتمام عادل آباد شہر کی اقلیتی خواتین کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانے کے مقصد سے عادل آباد مائناریٹیز کامن سروس سنٹر اور اردو بھون عادل آباد میں مفت مہندی ڈیزائننگ تربیتی پروگرام کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں میونسپل چیئرپرسن بنڈاری انوشا ستیش نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر بنڈاری انوشا ستیش نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو صرف گھریلو ذمہ داریوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں اپنی صلاحیتوں اور ہنر کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی طور پر خود کفیل بننا چاہیے۔ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت تربیت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے خواتین نہ صرف اپنے لیے روزگار حاصل کرسکتی ہیں بلکہ مستقبل میں اپنا کاروبار شروع کرکے دیگر خواتین کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ تربیت کو سنجیدگی اور دلچسپی کے ساتھ حاصل کریں اور اس ہنر کو اپنی عملی زندگی میں استعمال کریں۔

Advertising

اس موقع پر ضلع اقلیتی بہبود آفیسر شیخ کلیم احمد نے مہندی ڈیزائننگ کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مہندی ڈیزائننگ آج کے دور میں خواتین کے لیے خود روزگار کا ایک بہترین ذریعہ بن چکی ہے۔ شادی بیاہ، تہواروں اور دیگر تقریبات میں مہندی ڈیزائننگ کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر خواتین اس فن میں مہارت حاصل کرکے گھر بیٹھے باعزت روزگار حاصل کرسکتی ہیں۔ کم سرمایہ کاری کے ساتھ اس شعبہ میں اپنا کاروبار شروع کیا جاسکتا ہے اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے معاشی خود مختاری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اس تربیتی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی خواتین کی ترقی، معاشی خود مختاری اور انہیں خود روزگار کے قابل بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے اس طرح کے مفت تربیتی پروگرام قابل ستائش ہیں۔

 

اس پروگرام میں آفس سپرنٹنڈنٹ سید روحیل احمد، پرنسپل ٹی ایم آر ای آئی ایس گرلز-2 فہمیدہ تنویر، اردو آفیسر تنویر کوثر، جونیئر اسسٹنٹ راہل، اردو اکیڈمی انچارج محمد عابد علی، عبدالحسیب اور دیگر موجود تھے۔

Advertising