عادل آباد ضلع بھر میں گانجہ کے خلاف پولیس کا اسپیشل ڈرائیو 90 مشتبہ افراد کے مکانات کی تلاشی، یورین ڈرگ ٹیسٹ میں 57 افراد کے گانجہ استعمال کرنے کی تصدیق منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت، ذخیرہ اور استعمال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی ۔ ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس

عادل آباد ضلع بھر میں گانجہ کے خلاف پولیس کا اسپیشل ڈرائیو

90 مشتبہ افراد کے مکانات کی تلاشی، یورین ڈرگ ٹیسٹ میں 57 افراد کے گانجہ استعمال کرنے کی تصدیق

منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت، ذخیرہ اور استعمال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی ۔ ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس

عادل آباد، 5 نومبر(تلنگانہ وائس)

ضلع عادل آباد میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے پولیس نے بڑے پیمانے پر گانجہ کے خلاف خصوصی مہم چلائی۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس کی ہدایت پر بدھ کی علی الصبح 5 بجے سے عادل آباد اور اُٹنور پولیس سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں مشتبہ افراد کے مکانات کی تلاشی لی گئی۔

پولیس کے مطابق اس خصوصی مہم کے دوران گانجہ استعمال کرنے کے شبہ میں 90 افراد کی جانچ کی گئی۔ خصوصی ڈرگ ٹیسٹنگ کٹس اور یورین ٹیسٹ کے ذریعے ان میں سے 57 افراد کے گانجہ استعمال کرنے کی تصدیق ہوئی۔

Advertising

پولیس نے بتایا کہ اس کارروائی کا بنیادی مقصد ضلع میں گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کی غیر قانونی نقل و حمل، ذخیرہ اندوزی، فروخت اور استعمال پر روک لگانے کے ساتھ منشیات کے استعمال میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنا ہے۔

ایس پی اکھل مہاجن نے واضح کیا کہ منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ضلع بھر میں خصوصی نگرانی، اچانک تلاشی اور دیگر اقدامات کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔

انہوں نے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نشہ آور اشیاء کے مضر اثرات کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنا بھی ضروری ہے۔

Advertising

عوام سے تعاون کی اپیل

ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کو گانجہ یا دیگر منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت، نقل و حمل یا استعمال سے متعلق کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر واٹس ایپ نمبر 8712659973 پر اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

پولیس کا عزم ہے کہ ضلع کو منشیات سے پاک بنایا جائے اور نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ رکھا جائے۔