خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کلا اکیڈمی کے ذریعے مفت ہنرمندی کی تربیت ۔ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ
دسناپور میں خواتین کے لئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کمیونیکیشن اسکلز اور ریزیومے کی تیاری کی تربیت، کامیاب امیدواروں کو سرٹیفکیٹس کی فراہمی
عادل آباد۔5/نومبر(تلنگانہ وائس)ضلع کلکٹر آباد راجَرشی شاہ نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے مقصد سے ضلع مستقر کے داسناپور میں قائم کلا اکیڈمی کے ذریعے مفت ہنرمندی کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ ضلع کلکٹر آباد راجَرشی شاہ نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور خواتین کو روزگار و خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

چہار شنبہ کے روز داسناپور میں واقع کلا اکیڈمی ہال میں منعقدہ پروگرام میں کلکٹر نے شرکت کرتے ہوئے تربیت حاصل کرنے والی خواتین سے بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سابق میں منعقدہ جاب میلے سے حاصل ہونے والی تحریک اور خیال کے نتیجے میں کلا اکیڈمی کا آغاز کیا گیا تھا۔ گزشتہ پانچ ماہ سے اس اکیڈمی کے ذریعے خواتین کو مختلف شعبوں میں مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
Advertisment

کلکٹر نے کہا کہ موجودہ مسابقتی دور میں ڈیجیٹل مہارتوں کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ خواتین ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کمیونیکیشن اسکلز اور ریزیومے کی تیاری جیسے شعبوں میں مہارت حاصل کرکے ملازمتوں کے ساتھ ساتھ خود روزگار کے مواقع بھی حاصل کرسکتی ہیں۔
ان مہارتوں سے خواتین میں خود اعتمادی پیدا ہونے کے علاوہ انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ 30 روزہ اس تربیتی پروگرام کے تحت ہر بیچ میں 50 خواتین کا انتخاب کرکے انہیں تربیت دی جا رہی ہے۔ موسم سرما کے پیش نظر تربیت کے اوقات میں تبدیلی کرتے ہوئے شام 4 بجے سے 5 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے والی خواتین کو سرٹیفکیٹس بھی فراہم کیے جائیں گے۔
کلکٹر نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے جدید مہارتیں حاصل کریں اور کلا اکیڈمی کی جانب سے فراہم کیے جانے والے مفت تربیتی موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے خود روزگار کے میدان میں آگے بڑھیں۔
اس پروگرام میں محکمہ بہبودِ اطفال کی عہدیدار ملکّا، پرنسپل سنگیتا، کینڈرّے ویشنوِی اور دیگر نے شرکت کی۔

