یورپ میں ملازمت دلانے کے نام پر بے روزگار نوجوان سے 1.32 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی
جعلی ایجنٹ گرفتار، سعودی عرب میں مقیم نوجوان کو ڈرائیور کی نوکری کا جھانسہ دیا گیا
عادل آباد بس اسٹانڈ کے قریب تلمڈگو پولیس کی کارروائی، ملزم کا موبائل فون ضبط
غیر ملکی ملازمتوں کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔ رورل سی آئی رحیم پاشا
عادل آباد، 5 نومبر(تلنگانہ وائس) بیرون ملک بالخصوص یورپ میں زیادہ تنخواہ پر ڈرائیور کی ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر بے روزگار نوجوانوں سے لاکھوں روپے وصول کرنے والے ایک جعلی ایجنٹ کو تلماڈگو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ملزم نے ملازمت اور ویزا دلانے کے نام پر ایک نوجوان کے اہل خانہ سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 32 ہزار روپے وصول کرکے دھوکہ دیا۔
Advestisment

رورل سی آئی رحیم پاشا کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق تلماڈگو منڈل کے موضع رویاڈی سے تعلق رکھنے والے ایلچلا پوچنا (20) روزگار کی تلاش میں سال 2023 میں سعودی عرب گیا تھا، جہاں وہ ڈرائیور کی حیثیت سے کام کررہا ہے۔ اسی دوران نظام آباد ضلع کے ماکلور منڈل، موضع کلڈی سے تعلق رکھنے والے مالوت مہیش (34) نے واٹس ایپ کال کے ذریعے اس سے رابطہ کیا۔
Advertising
شاندار تقریبات کا بہترین مرکز—ڈبلیو کنوینشن ہال،اے سی، نان اے سی انکولی روڈ، عادل آباد
ملزم نے خود کو یورپ میں مقیم بتاتے ہوئے وہاں کے کیسینو ہوٹلس میں ڈرائیور کی ملازمتیں دستیاب ہونے اور زیادہ تنخواہ دلانے کا وعدہ کیا۔ اس کی باتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے پوچنا نے اپنی والدہ ایلچلا اماں کا کو اس معاملے سے واقف کروایا۔ جس پر انہوں نے 22 اکتوبر 2025 کو ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں 1 لاکھ 20 ہزار روپے منتقل کردیے۔ بعد ازاں ویزا کے نام پر مزید 12 ہزار روپے بھی وصول کیے گئے۔
رقم حاصل کرنے کے بعد ملزم ملازمت اور ویزا کے معاملے کو مسلسل ٹالتا رہا اور بالآخر غیر ذمہ دارانہ جوابات دینے لگا۔ اس طرح متاثرہ خاندان کو دھوکہ دہی کا احساس ہوا۔
متاثرہ خاتون کی شکایت پر تلماڈگو پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 208/2026 کے تحت بی این ایس کی دفعات 318(4)، 316(5) اور امیگریشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
تحقیقات کے دوران موصولہ مصدقہ اطلاع پر 5 نومبر کو عادل آباد بس اسٹینڈ کے علاقے میں پولیس نے ملزم مالوت مہیش کو حراست میں لے لیا۔ پوچھ گچھ کے بعد واردات میں استعمال کیا گیا موبائل فون ضبط کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزم کی تفصیلات:
مالوت مہیش (34)، ولد چندو، ساکن کلڈی گاؤں، ماکلور منڈل، ضلع نظام آباد۔
پولیس کی عوام سے اپیل
پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بیرون ملک ملازمت دلانے کا وعدہ کرنے والے نامعلوم افراد اور ایجنٹوں پر آنکھ بند کرکے بھروسہ نہ کریں۔ کسی بھی غیر ملکی ملازمت کے لیے رقم ادا کرنے سے قبل متعلقہ ایجنسی کی شناخت، سرکاری اجازت ناموں، ویزا اور ملازمت کی تفصیلات کی مکمل جانچ کریں۔ غیر مجاز ایجنٹوں کے جھانسے میں آکر اپنی محنت کی کمائی ضائع نہ کریں۔
رورل سی آئی رحیم پاشا نے انتباہ دیا کہ بیرون ملک ملازمتوں کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس کارروائی میں تلماڈگو ایس آئی ڈی رادھیکا اور پولیس اسٹاف نے حصہ لیا۔
تلنگانہ وائس ڈیجیٹل | عادل آباد
بے باک صحافت، سچ کی آواز

