عادل آباد میں اندراماں مکانات کے نام پر رقم وصول کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج مکان منسوخ کروانے کی دھمکی دے کر 50 ہزار روپے کا مطالبہ، متاثرہ شخص سے 11 ہزار روپے وصول کرنے کا الزام عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مانے شنکر کے خلاف کیس درج، متاثرین بلا خوف پولیس سے رجوع کریں ۔ انسپکٹر کے ناگراجو

عادل آباد میں اندراماں مکانات کے نام پر رقم وصول کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج

مکان منسوخ کروانے کی دھمکی دے کر 50 ہزار روپے کا مطالبہ، متاثرہ شخص سے 11 ہزار روپے وصول کرنے کا الزام

عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں کیس درج، متاثرین بلا خوف پولیس سے رجوع کریں ۔ انسپکٹر کے ناگراجو

عادل آباد، 22 اکتوبر(تلنگانہ وائس) اندراماں ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکان منظور کروانے کے نام پر رقم وصول کرنے اور مکان کی منظوری منسوخ کروانے کی دھمکی دینے کے معاملے میں عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ٹو ٹاؤن پولیس انسپکٹر کے ناگراجو نے یہ تفصیلات بتائیں۔

 

سی آئی ناگا راجو کے مطابق، عادل آباد کے بھاگیہ نگر (تاٹی گوڑہ) علاقے کے رہنے والے مانے شنکر (25) ولد سنتوش پر الزام ہے کہ اس نے بھاگیہ نگر کے رہائشی اُسکینوار ارویند کی اہلیہ روپ کے نام گزشتہ سال منظور ہونے والے اندراماں مکان کے سلسلے میں یہ دعویٰ کیا کہ مکان اسی نے منظور کروایا ہے۔ اس کے عوض اس نے 50 ہزار روپے دینے کا مطالبہ کیا اور رقم ادا نہ کرنے پر مکان کی منظوری منسوخ کروانے کی دھمکی دی۔

 

متاثرہ شخص نے اپنی شکایت میں بتایا کہ دھمکی سے خوف زدہ ہوکر اس نے 12 جولائی 2025 کو فون پے کے ذریعے 10 ہزار روپے ادا کیے، جبکہ اکتوبر 2025 میں مزید ایک ہزار روپے دیے۔ اس طرح مجموعی طور پر 11 ہزار روپے وصول کیے جانے کا الزام ہے۔

 

متاثرہ شخص کی شکایت پر عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے کرائم نمبر 722/2026 کے تحت بی این ایس کی دفعات 318(4)، 308(2) اور 316(5) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور متاثرہ شخص سمیت متعلقہ افراد سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

Advertising

اس موقع پر انسپکٹر کے ناگراجو نے عوام کو مشورہ دیا کہ سرکاری فلاحی اسکیموں کے نام پر اگر کوئی رقم طلب کرے یا منظور شدہ اسکیم کو منسوخ کروانے کی دھمکی دے تو خوف زدہ ہونے کے بجائے فوراً پولیس سے شکایت کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اسکیموں سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی درمیانی شخص کو رقم ادا نہ کریں اور اس طرح کی دھوکہ دہی کا شکار ہونے پر فوری طور پر پولیس سے رجوع کریں۔

 

تلنگانہ وائس | بے باک صحافت، سچ کی آواز