لڑکی کو ہراساں کرنے کے معاملے میں ملزم شیخ کلیم کو ایک سال قید اور 3 ہزار روپے جرمانہ
عادل آباد کے ضلع پرنسپل اینڈ سیشن جج کے پربھاکر راؤ کا فیصلہ، چھ گواہوں کی گواہی کی بنیاد پر جرم ثابت
عادل آباد۔29/اکتوبر(تلنگانہ وائس)لڑکی کو ہراساں کرنے اور پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی دھمکی دینے کے معاملے میں ضلع پرنسپل اینڈ سیشن جج کے پربھاکر راؤ نے ملزم کو ایک سال قید اور 3 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ اس مقدمے میں عادل آباد رورل پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق، 8 دسمبر 2024 کی رات تقریباً 8 بجے شکایت کنندہ اپنے گھر میں موجود تھی کہ عادل آباد شہر کے پٹلاواڑہ علاقے سے تعلق رکھنے والا شیخ کلیم (35)، ولد رحیم، پٹرول سے بھری پلاسٹک کی بوتل لے کر اس کے گھر میں غیر قانونی طور پر داخل ہوا۔ ملزم نے دھمکی دی کہ اگر وہ اس کے ساتھ نہیں آئی تو اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دے گا۔ اسی دوران آس پاس کے لوگوں کے وہاں پہنچنے پر ملزم فرار ہوگیا۔
Advertising

متاثرہ خاتون کی شکایت پر 9 دسمبر 2024 کو عادل آباد رورل پولیس اسٹیشن میں اس وقت کے سب انسپکٹر سید مجاہد نے کرائم نمبر 250/24 کے تحت بی این ایس کی متعلقہ دفعات 331(6)، 75(2) اور 78(1) کے تحت مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد عدالت میں ملزم کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔
عدالتی کارروائی کے دوران کورٹ ڈیوٹی افسر نارائن نے چھ گواہوں کو عدالت میں پیش کیا، جبکہ پبلک پراسیکیوٹراحمدعبدالرحیم نے گواہوں کے بیانات قلم بند کرواتے ہوئے ملزم کے خلاف جرم ثابت کیا۔ شواہد کی بنیاد پر ضلع پرنسپل اینڈ سیشن جج کے پربھاکر راؤ نے ملزم کو ایک سال قید اور 3 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
یہ تفصیلات کورٹ لائزن افسر ایم گنگا سنگھ نے جاری کردہ بیان میں بتائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع ایس پی نے اس مقدمے میں عدالتی کارروائی سے وابستہ عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔

