اہل صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ دلانے تک جدوجہد جاری رہے گی کاماریڈی ضلع TUWJ (IJU) کی مجلسِ عاملہ کی قرارداد

اہل صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ دلانے تک جدوجہد جاری رہے گی

کاماریڈی ضلع TUWJ (IJU) کی مجلسِ عاملہ کی قرارداد

کاماریڈی۔9/جولائی (سید کوثر علی کی رپورٹ) تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس (IJU) ضلع کاماریڈی کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع میں خدمات انجام دینے والے تمام اہل ورکنگ جرنلسٹس کو ایکریڈیشن کارڈ دلانے کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا اور اس مقصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔جمعرات کو ضلع ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت ضلع صدر رجنی کانت نے کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہر مستحق صحافی کو ایکریڈیشن کارڈ کی فراہمی یونین کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

Advertisment

انہوں نے ضلع یونین کے عہدیداروں اور مجلسِ عاملہ کے ارکان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے منڈلوں میں مقامی صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کریں۔ انہوں نے ضلع مرکز میں یونین کی مستقل عمارت کی تعمیر کے لیے بھی اقدامات کرنے کا اعلان کیا۔

ریاستی مجلسِ عاملہ کے رکن ایس اے لطیف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ضلع کے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ریاستی یونین ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے نومنتخب ضلع مجلسِ عاملہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔اجلاس میں سینئر صحافیوں اور مجلسِ عاملہ کے ارکان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس کے بعد تین اہم قراردادیں منظور کی گئیں۔

* ضلع کے تمام اہل صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ دلانے کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے اور ضرورت پڑنے پر احتجاجی جدوجہد کی جائے۔

* ضلع بھر میں TUWJ (IJU) کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے ہر رکن اپنی ذمہ داری مؤثر انداز میں نبھائے۔

* ضلع مجلسِ عاملہ کے اجلاسوں سے مسلسل تین مرتبہ غیر حاضر رہنے والے رکن کو کمیٹی سے خارج کر دیا جائے۔

اجلاس میں ضلع سکریٹری توتا راجیش، نائب صدر سیدکوثرعلی الیکٹرانک میڈیا صدر سرینواس، الیکشن کمیٹی کے رکن اندرسینا ریڈی، ایکریڈیشن کمیٹی کے ارکان سید کوثرعلی، ششدھر، معین الدین، عابد، نیز یونین قائدین پنتولو سرینواس، مدام شنکر، وینکنا، سرینواس ریڈی، محمد یونس، سریش، سریکانت، بالا پرکاش، چکردھر اور دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔