گاؤں کا نام ہی کلکٹر راجرشی شاہ کے نام پر رکھ دیا، قبائلیوں نے یوں ادا کیا تشکر
قبائلیوں کے دلوں میں بس گئے ضلع کلکٹر راجرشی شاہ، خدمات سے متاثر ہوکر دَہی گوڑہ کولام گاؤں کا نام ’راجَرشی شاہ گوڑہ‘ رکھ دیا

عادل آباد، 13/ اگست 2026(تلنگانہ وائس نیوز)
دور دراز علاقوں میں بسنے والے غریب کولام قبائلی خاندانوں کی زندگیوں میں امید کی نئی کرن پیدا کرنے والے عادل آباد ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کی خدمات سے متاثر ہوکر قبائلیوں نے انوکھے انداز میں اظہارِ تشکر کیا ہے۔ دَہی گُوڑا کولام گوڈیم کا نام تبدیل کرکے ’راجَرشی شاہ گوڑ‘ رکھ دیا گیا ہے۔

پِپّل دھری گرام پنچایت کے حدود میں واقع دَہی گُوڑا، جسے اب راجرشی شاہ گوڑہ کے نام سے پکارا جارہا ہے، کا دورہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے جمعرات کو نو تعمیر شدہ تین اندرامّا مکانات کی افتتاحی رسومات انجام دیں۔

مقامی قبائلیوں کے مطابق ماضی میں 17 غریب قبائلی خاندانوں کو مکانات کے پٹّے اور اندرامّا مکانات منظور ہوئے تھے۔ کلکٹر راجرشی شاہ کی خصوصی توجہ سے بنیادی سہولیات اور مکانات کی تعمیر کے کاموں میں تیزی آئی، جس پر قبائلیوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے نام سے اپنے گاؤں کا نام منسوب کیا۔

اس موقع پر منعقدہ گرام سبھا میں کلکٹر نے قبائلی خاندانوں سے براہِ راست ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے گاؤں کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کا یقین دلایا اور پِپّل دھری پنچایت کے حدود میں مزید 10 اندرامّا مکانات منظور کرنے کا اعلان کیا۔

کلکٹر نے قبائلی خاندانوں کی معاشی خود کفالت کے لیے بکریوں اور دودھ دینے والے مویشیوں کے یونٹس فراہم کرنے، خواتین کو مفت سلائی مشین کی تربیت دینے اور ڈگری یافتہ مقامی نوجوانوں کو عادل آباد میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا۔

گاؤں کے اہم مسائل، خصوصاً بجلی، موبائل نیٹ ورک اور آمدورفت کے مسائل پر کلکٹر نے فوری توجہ دی۔ انہوں نے برقی محکمہ کے ای ای کو ہدایت دی کہ بجلی کی بار بار بندش کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ موبائل نیٹ ورک کے مسئلے کے حل کے لیے سیل ٹاور کی تعمیر کو ضروری مقام فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
Advertising

بغیر آدھار کارڈ والے افراد کے لیے فوری طور پر نئے آدھار کارڈ کے اندراج کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت ای ڈی ایم اور پنچایت سکریٹریوں کو دی گئی۔ اسی طرح دور افتادہ مامیڈیکوری گاؤں تک سڑک اور سی ڈی ورک کی سہولت، ’جل سری‘ اسکیم کے تحت کسانوں کو فارم پونڈز اور مستحق افراد کو چایوتا پنشن فراہم کرنے کے اقدامات کا بھی یقین دلایا۔
Advertising

اس موقع پر ڈی آر ڈی او رویندر راٹھوڑ، پی ڈی ہاؤسنگ شنکر، مقامی تحصیلدار گووند، عوامی نمائندے، منڈل سطح کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں گاؤں کے افراد موجود تھے۔
Advertising


