نئے نقشے کے مطابق ہی زمین کا سروے اور حصولِ اراضی کیا جائے ۔ کلکٹر راجرشی شاہ ۔ ایئرپورٹ کے لیے 2,009 ایکڑ اراضی کا حصول تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت، عوامی شکوک و شبہات دور کرنے عہدیداروں کو شفاف معلومات فراہم کرنے کا حکم

نئے نقشے کے مطابق ہی زمین کا سروے اور حصولِ اراضی کیا جائے ۔ کلکٹر راجرشی شاہ

عادل آباد، 13 اگست(تلنگانہ وائس نیوز) ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ایرپورٹ کے لیے زمین کے حصول اور سروے کے عمل سے متعلق عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں اور شکوک و شبہات کو دور کیا جائے اور تمام محکمے مکمل شفافیت کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا (AAI) اور محکمہ دفاع کی مشترکہ منظوری سے تیار کردہ نئے نقشے کی بنیاد پر ہی سروے، حصولِ اراضی اور ترقیاتی کام انجام دیے جائیں۔

جمعرات کو کلکٹریٹ میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ سابقہ نقشہ صرف ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز کے ذریعے تیار کیا گیا تھا اور اس عمل میں ایئرپورٹ اتھارٹی کے عہدیداروں کی براہِ راست شمولیت نہیں تھی، اس لیے اب اس نقشے کی انتظامی سطح پر کوئی اہمیت نہیں ہے۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ اتھارٹی اور محکمہ دفاع کے عہدیداروں نے فیلڈ میں متعدد مرتبہ معائنہ کرنے کے بعد جس نئے نقشے کو منظوری دی ہے، صرف اسی کو سرکاری حیثیت حاصل ہے۔

Advertising

کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایرپورٹ کی تعمیر کے لیے درکار 2,009 ایکڑ اراضی کے حصول کا عمل آئندہ تین ماہ میں مکمل کرتے ہوئے زمین متعلقہ حکام کے حوالے کرنے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی منتقلی، برقی لائنوں کی منتقلی و ہٹانے اور آبپاشی نہروں میں تبدیلی جیسے کاموں کے لیے میونسپل، ٹرانسکو، آر اینڈ بی، پنچایت راج اور آبپاشی محکموں کو ضروری انتظامی منظوری دی جاچکی ہے۔ تمام محکمے باہمی تال میل کے ساتھ مقررہ مدت میں کام مکمل کریں۔

کلکٹر نے مزید کہا کہ عوام اور عوامی نمائندوں کے شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے عہدیدار مکمل تفصیلات فراہم کریں اور تمام محکمے عوام کو یکساں اور واضح معلومات فراہم کریں۔

اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹرس آر۔ ایس۔ چیترو، راجیشور، آر ڈی او جگدیشور راؤ، ڈپٹی کلکٹر ونشی کرشنا سمیت محکمہ مال، سروے، آر اینڈ بی، میونسپلٹی، آر ڈبلیو ایس اور پنچایت راج کے عہدیداروں نے شرکت کی۔