نقلی نمبر پلیٹ والی کار ضبط، ملزم گرفتار
بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا انتباہ ۔ ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی
عادل آباد، 20/ اگست(تلنگانہ وائس)ضلع عادل آباد کے بوتھ منڈل کے سونالا گاؤں کے مضافات میں بازار ہتنور روڈ پر پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی کے دوران نقلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والی ایک کار کو ضبط کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے TS 01 FJ 4178 نمبر والی سوئفٹ ڈیزائر کار کو روک کر تلاشی لی۔

انجن اور چیسس نمبر کی جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ گاڑی کا اصل رجسٹریشن نمبر TS 02 FJ 4178 ہے۔ پولیس نے گاڑی پر نقلی نمبر پلیٹ نصب کرکے اصل شناخت چھپانے والے کڈیم راجو (40) کو گرفتار کرلیا اور کار ضبط کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا۔

عادل آباد ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی نے خبردار کیا کہ نقلی نمبر پلیٹ استعمال کرنا قانوناً جرم ہے اور اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سونالا گاؤں میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران نمبر پلیٹ کے بغیر چلائی جانے والی 15 دو پہیہ گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا اور متعلقہ گاڑی مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
Advertising

ڈی ایس پی نے کہا کہ بعض افراد جان بوجھ کر نمبر پلیٹ ہٹا کر چالان سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانا بھی قانون کی خلاف ورزی ہے اور ایسے افراد کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔
Advertising

اس کارروائی میں بوتھ سی آئی ڈی۔ گرو سوامی، ایس آئی وی۔ پرشوتم اور پولیس عملے کے دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔
Advertising

Advertising

Advertising



