عادل آباد میں میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عظیم الشان جلوس محمدی، علماء کا سیرتِ نبوی ﷺ پر خطاب

عادل آباد میں میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عظیم الشان جلوس محمدی، علماء کا سیرتِ نبوی ﷺ پر خطاب

عادل آباد۔26/اگست (تلنگانہ وائس) ماہِ ربیع الاول اور سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے عادل آباد مستقر میں بروز چہارشنبہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مختلف میلاد کمیٹیوں کے زیرِ اہتمام عظیم الشان جلوسِ محمدی ﷺ کا انعقاد عمل میں آیا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے نکالے گئے جلوس مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے اولڈ بس اسٹانڈ، عبداللہ چوک، اشوک روڈ، شیواجی چوک، گاندھی چوک، امبیڈکر چوک، نیتاجی چوک اور ونایک چوک سے گزر کر سات نالا بس اسٹانڈ کے قریب واقع چمن والے بابا کی درگاہ پر اختتام پذیر ہوئے۔

جلوس میں بچوں، نوجوانوں، بزرگوں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عاشقانِ رسول ﷺ نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ نعتِ رسول ﷺ پیش کرتے ہوئے اور نبی کریم ﷺ کی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے جلوس میں شرکت کی۔ شرکاء کے ہاتھوں میں سبز پرچم نمایاں تھے، جبکہ مختلف مقامات پر میلاد کی مناسبت سے عام لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر منگل کی شب جلسۂ سیرت النبی ﷺ کا بھی انعقاد عمل میں آیا، جس میں علماء کرام نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف گوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

علماء کرام نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ آپ ﷺ کی زندگی قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ دنیا میں رحمت بن کر تشریف لائے اور آپ ﷺ نے انسانوں کے ساتھ ساتھ تمام جانداروں، چرند و پرند کے ساتھ بھی رحم و شفقت کا درس دیا۔

Advertising

علماء نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا مشن صرف ایک قوم یا طبقے تک محدود نہیں تھا بلکہ آپ ﷺ پوری انسانیت کی ہدایت اور بھلائی کے لیے مبعوث ہوئے۔ آپ ﷺ نے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی، غم خواری، محبت، تعاون اور ضرورت مندوں کی مدد کی تعلیم دی۔ حقیقی مسلمان وہی ہے جو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ سے سچی محبت کرے، نبی کریم ﷺ کی اطاعت و اتباع کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے اور اسلام کی تعلیمات پر عملی طور پر عمل کرے۔

Advertising

انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے معاشرے میں امن و امان، بھائی چارہ، مساوات اور حسنِ سلوک کو فروغ دیا۔ آپ ﷺ نے عورتوں کو عزت و احترام کا مقام عطا کیا، والدین کے ادب و احترام اور ان کے حقوق سے آگاہ کیا، بڑوں کا ادب اور چھوٹوں سے شفقت کا درس دیا۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو توحید، عدل، رحم، اخوت اور خدمتِ خلق کا پیغام دیا۔

Advertising

علماء کرام نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں سیرتِ نبوی ﷺ کا مطالعہ کرنا اور اس کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر مسلمان حقیقی معنوں میں نبی کریم ﷺ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں تو انہیں آپ ﷺ کی سیرت و سنت پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت، مظلوموں کی مدد، ضرورت مندوں کی خبرگیری اور معاشرے میں محبت و بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔

Advertising

جلوس کے دوران پولیس محکمہ کی جانب سے وسیع تر حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے خود جلوس کے روٹ اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ پولیس کی جانب سے ٹریفک اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔