عادل آباد کانگریس میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، بوتھ حلقہ انچارج آڑے گجیندر کی ڈی سی سی صدر نریش جادھو کے خلاف بغاوت
عادل آباد، 29 اگست(تلنگانہ وائس) عادل آباد ضلع کانگریس میں اندرونی اختلافات ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ بوتھ اسمبلی حلقہ کے کانگریس انچارج آڑے گجیندر نے ضلع کانگریس کمیٹی (ڈی سی سی) صدر نریش جادھو کے طرزِ کار کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا ہے۔

آڑے گجیندر نے الزام عائد کیا کہ انہیں پارٹی میں مناسب اہمیت اور شناخت نہیں دی جارہی ہے، جبکہ ڈی سی سی صدر کئی معاملات میں یکطرفہ فیصلے لیتے ہوئے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو نظرانداز کررہے ہیں۔
Advertising

ہفتہ کی صبح آڑے گجیندر اپنے حامیوں اور اہم پارٹی کارکنوں کے ہمراہ ایک بڑے قافلے کی شکل میں حیدرآباد روانہ ہوئے۔ وہ ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کرکے عادل آباد ضلع کانگریس میں جاری صورتحال سے انہیں واقف کروانے والے ہیں۔
Advertising

گجیندر کی ناراضگی کی ایک اہم وجہ حال ہی میں اعلان کردہ کانگریس کی پی اے سی کمیٹی میں انہیں کوئی اہمیت نہ دیا جانا بھی بتائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ پرائمری ایگریکلچرل کوآپریٹو سوسائٹیز کے چیئرمینوں کے انتخاب میں بوتھ اسمبلی حلقہ کے خواہشمند امیدواروں کے نام نظرانداز کرنے پر بھی ان کے حامیوں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔
Advertising

آڑے گجیندر کے حامیوں کا الزام ہے کہ ضلع صدر کے طرزِ کار کے باعث پارٹی میں اندرونی اختلافات اور گروپ بندی بڑھ رہی ہے اور زمینی سطح پر پارٹی کے لیے کام کرنے والے قائدین کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔

ان کا مطالبہ ہے کہ پارٹی کے مفاد اور تنظیمی استحکام کے لیے موجودہ ڈی سی سی صدر کو تبدیل کرکے ایک ایسے قائد کو ضلع کانگریس کی ذمہ داری دی جائے جو تمام گروپوں کو ساتھ لے کر پارٹی کو مضبوطی سے آگے بڑھا سکے۔
Advertising

آڑے گجیندر اور ان کے حامیوں کا حیدرآباد دورہ عادل آباد ضلع کانگریس کی سیاست میں موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ کانگریس اعلیٰ کمان اس معاملے پر کیا فیصلہ کرتی ہے۔


