عادل آباد میونسپل کوآپشن ممبرس کا انتخاب پھر ملتوی، سیاسی کشیدگی عروج پر

عادل آباد میونسپل کوآپشن ممبرس کا انتخاب پھر ملتوی، سیاسی کشیدگی عروج پر

عادل آباد۔31/اگست (تلنگانہ وائس)

عادل آباد میونسپل کوآپشن ممبرس کے انتخاب کا عمل ایک مرتبہ پھر سیاسی کشیدگی کے درمیان ملتوی ہوگیا۔ کوآپشن انتخابات کے لیے ایم پی ناگیش اور ایم ایل اے پائل شنکر اپنے حامی کونسلرس اور آزاد امیدواروں کے ساتھ میونسپل دفتر پہنچے، جبکہ میونسپل چیرپرسن بھی اپنے حامی کونسلرس کے ہمراہ دفتر پہنچیں۔

تقریباً 45 منٹ تک اجلاس جاری رہنے کے بعد میونسپل چیرپرسن اپنے حامی کونسلرس کے ساتھ اجلاس سے باہر آگئیں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کوآپشن ممبرس کا انتخاب ملتوی کردیا گیا ہے۔

چیرپرسن نے کہا کہ کوآپشن انتخاب کے عمل کے دوران بعض کونسلرس نے ان سے مطالبہ کیا کہ زمین مافیا کے مسئلہ پر بھی اجلاس میں بحث کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ارکان نے کوآپشن انتخاب کو کوئی بڑا مسئلہ نہ قرار دیتے ہوئے دیگر عوامی مسائل پر توجہ دینے کی خواہش ظاہر کی۔

چیرپرسن بنڈاری انوشا کے مطابق اجلاس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش آنے کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر کوآپشن انتخابات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

دوسری جانب ایم پی ناگیش نے حکمران جماعت کے طرز عمل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب بھی میونسپل کوآپشن انتخابات منعقد کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، حکمران جماعت مختلف اور غیر متعلقہ وجوہات پیش کرتے ہوئے اجلاس کو ملتوی کروا رہی ہے۔

ایم پی ناگیش نے دعویٰ کیا کہ کوآپشن ممبرس کے انتخاب کے لیے ان کے پاس مکمل اکثریت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی بغیر کسی مناسب وجہ کے انتخابات ملتوی کیے گئے تھے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جب بھی کوآپشن انتخابات کا وقت آتا ہے، اسی وقت حکمران جماعت کو عوامی مسائل یاد آتے ہیں۔

Advertising

ایم ایل اے پائل شنکر نے بھی میونسپل کوآپشن انتخابات ملتوی کیے جانے پر کانگریس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ دس سال کے دوران میونسپلٹی میں مبینہ طور پر ہوئی بدعنوانیوں کا کہیں پردہ فاش نہ ہوجائے، اسی خوف سے کوآپشن انتخابات کو ملتوی کیا جارہا ہے۔

Advertising

پائل شنکر نے سابق وزیر جوگو رامنا کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ جوگو رامنا ماضی میں بی آر ایس کو کانگریس کا متبادل قرار دیتے رہے ہیں، اب وہ کانگریس کی حمایت کس بنیاد پر کررہے ہیں؟

Advertising

کوآپشن انتخابات کے ایک مرتبہ پھر ملتوی ہونے کے بعد عادل آباد میونسپل سیاست میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ اب آئندہ اجلاس کب منعقد ہوگا اور کوآپشن ممبرس کا انتخاب کس طرح مکمل ہوگا، اس پر سیاسی حلقوں اور عوام کی نظریں مرکوز ہیں۔

 

Advertising

Advertising