بین ریاستی مویشی اسمگلنگ گینگ کے 6 ارکان گرفتار، ریمانڈ
ٹول پلازہ عملہ کو گاڑیوں سے کچلنے کی کوشش، 47 مویشی، کنٹینر لاری اور گانجہ ضبط
عادل آباد، 7/ ستمبر(تلنگانہ وائس)نیراڈی گونڈہ منڈل کے رول ماماڈ ٹول پلازہ پر ٹول پلازہ عملہ کو گاڑیوں سے کچلنے کی کوشش اور غیر قانونی طور پر مویشیوں کی منتقلی میں ملوث بین ریاستی مویشی اسمگلنگ گینگ کے 6 ارکان کو نیراڈی گونڈہ پولیس نے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا اور ریمانڈ پر بھیج دیا۔ یہ بات ایچوڑہ رورل سی آئی سی ایچ رمیش نے بتائی۔

یکم ستمبر کی صبح رول ماماڈ ٹول پلازہ پر عملہ نے نیراڈی گونڈہ سے نرمل کی سمت جانے والی مہندرا بولیرو ایس یو وی MH 34 CD 5318 کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزمین نے ٹول گیٹس کو ٹکر مارتے ہوئے تیزی سے گاڑی آگے بڑھا دی۔ اس کے پیچھے آنے والی کنٹینر لاری MH 40 CM 2712 نے بھی ٹول عملہ کی جانب سے لگائے گئے سائن کونز اور ڈیوائیڈرس کو ٹکر ماری اور فرار ہوگئی۔
Advertising

ٹول پلازہ سپروائزر یم پلی رامیا کی شکایت پر نیراڈی گونڈہ پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 259/2026 درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔ تحقیقات کے دوران 3 ستمبر کی علی الصبح پولیس نے کنتالہ گاؤں کے مضافات میں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران چار مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ ان سے حاصل شدہ اطلاعات کی بنیاد پر عادل آباد میں موجود مزید دو ملزمین کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار ملزمین میں ایم ڈی شفّیع مدثر (31)، فِردوس بیگ (38)، محمد حیدر علی (21)، کشتیج بھیم راؤ سیواٹکر (22)، گوپال سنگھ شیکاوت (32) اور سندیپ وٹھل مپیڈی وار (35) شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق اس معاملہ میں محمد مزار، راجو اور روی جگدیش باگڈیل مفرور ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمین نے ایک منظم گینگ بنا رکھا تھا اور مہاراشٹرا کے ناگپور علاقہ سے مویشیوں کو غیر قانونی طور پر منتقل کرکے نظام آباد ضلع کے ستاپور کی سمت لے جایا کرتے تھے۔ مویشیوں سے بھری کنٹینر لاری کے آگے بولیرو ایس یو وی کو پائلٹ گاڑی کے طور پر استعمال کرتے ہوئے پولیس کی چیکنگ سے متعلق معلومات لاری ڈرائیور تک پہنچائی جاتی تھیں۔
Advertising


پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے 47 مویشی، جن میں 24 بیل اور 23 گائیں شامل ہیں، ایک کنٹینر لاری، 4 گرام گانجہ اور 3 موبائل فون ضبط کئے۔ غیر قانونی منتقلی کے دوران 3 مویشی ہلاک ہوگئے، جبکہ باقی 44 مویشیوں کو گاؤ شالہ منتقل کردیا گیا۔
Advertising
ملزمین کے خلاف بی این ایس کی دفعات 109، 324، 308(5)، 111 معہ 3(5)، جانوروں پر ظلم کی روک تھام کے قانون کی دفعہ 11، گاؤکشی انسداد قانون کی دفعہ 5 اور این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 20(b)(ii)(A) کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

گرفتار ملزمین کو بوتھ جوڈیشل فرسٹ کلاس مجسٹریٹ (JFCM) عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ سی آئی رمیش نے کہا کہ عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے انداز میں گاڑیاں چلانے، غیر قانونی مویشیوں کی منتقلی اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ کارروائی میں نیراڈی گونڈہ ایس آئی عمران اور پولیس عملہ نے حصہ لیا۔

