نونہال اردو ہائی اسکول کے صدر مدرس عتیق الرحمن کو ’’مثالی استاد‘‘ ایوارڈ
ضلع کلکٹر راجرشی شاہ اور ڈی ای او ڈی مادھوی کے ہاتھوں تہنیت، تعلیمی خدمات کا اعتراف
عادل آباد، 6 /ستمبر(تلنگانہ وائس) یومِ اساتذہ کے موقع پر عادل آباد کے زیڈ پی کانفرنس ہال میں ضلع محکمۂ تعلیم کی جانب سے نونہال اردو ہائی اسکول کے چیرمین و صدر مدرس جناب عتیق الرحمن کو ضلع سطح کے ’’بہترین استاد ایوارڈ 2026‘‘ سے سرفراز کیا گیا۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ آئی اے ایس اور ضلع ایجوکیشن آفیسر محترمہ ڈی مادھوی کے ہاتھوں عتیق الرحمن کو ایوارڈ اور توصیفی سند پیش کی گئی۔

اس موقع پر عتیق الرحمن کی شال پوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے تہنیت بھی پیش کی گئی۔ ضلع کلکٹر راجرشی شاہ اور ضلع ایجوکیشن آفیسر ڈی مادھوی نے تعلیم کے شعبہ میں ان کی طویل اور قابلِ قدر خدمات کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
محکمۂ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ توصیفی سند میں کہا گیا کہ عتیق الرحمن نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعہ شعبۂ تعلیم میں بے مثال خدمات انجام دیتے ہوئے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مسلسل محنت کی ہے۔ ان کی مثالی خدمات کے اعتراف میں قومی یومِ اساتذہ کے موقع پر ضلع سطح کا بہترین استاد ایوارڈ 2026 عطا کیا گیا۔

عتیق الرحمن نے سال 2002 میں تدریسی میدان میں اپنی خدمات کا آغاز کیا، جبکہ 2006 سے نونہال اردو ہائی اسکول، عادل آباد میں ریاضی کے استاد، صدر مدرس، کرسپانڈنٹ اور ہیڈ ماسٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بحیثیت ریاضی کے معلم انہیں 24 سال کا تدریسی تجربہ حاصل ہے، جبکہ ہیڈ ماسٹر اور اسکول انتظامیہ کے شعبہ میں 20 سال کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
Advertising

ایوارڈ حاصل ہونے پر عتیق الرحمن کو دوست و احباب، رشتہ داروں، اسکول کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور ان کے ہزاروں سابق شاگردوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی گئیں۔
Advertising

اس موقع پر عتیق الرحمن نے ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کے ہاتھوں ایوارڈ حاصل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے ایوارڈ پر مبارکباد پیش کرنے والے تمام دوستوں، رشتہ داروں، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور شاگردوں سے بھی اظہارِ تشکر کیا۔
Advertising

Advertising


