سیرت النبی ﷺ خواتین اجتماعات کا مرکزی و اختتامی اجتماع  مولانا محمد سہیل قاسمی اور مفتی سید سلمان قاسمی کے ایمان افروز خطابات

سیرت النبی ﷺ خواتین اجتماعات کا مرکزی و اختتامی اجتماع

مولانا محمد سہیل قاسمی اور مفتی سید سلمان قاسمی کے ایمان افروز خطابات

عادل آباد، 6/ ستمبر ( تلنگانہ وائس  نیوز) صفا بیت المال شاخ عادل آباد کے زیرِ اہتمام اور منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کی زیرِ نگرانی ماہِ ربیع الاول کے آغاز سے سیرتِ النبی ﷺ سے خواتینِ اسلام کو روشناس کرانے کے مقصد سے شہر کے مختلف علاقوں میں منعقد کیے گئے خواتین کے اجتماعات کا مرکزی و اختتامی اجتماع مسجد حسن، جناب عبدالمتین صاحب کے مکان پر منعقد ہوا۔اجتماع کی صدارت قائدِ علماء و حفاظ حافظ الحاج محمد منظور احمد صاحب نے کی، جبکہ مولانا یعقوب اسعدی، خطیب مسجد حسن نے نگرانی فرمائی۔

اجتماع میں مولانا محمد سہیل قاسمی، امام و خطیب مدینہ مسجد حمید پورہ عادل آباد اور مولانا مفتی سید سلمان قاسمی، استادِ حدیث دارالعلوم رشیدیہ مہدی پٹنم حیدرآباد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خواتینِ اسلام سے بصیرت افروز اور ایمان افروز خطاب کیا۔علمائے کرام نے اپنے خطابات میں عہدِ نبوی ﷺ کی صحابیاتِ کرامؓ اور ازواجِ مطہراتؓ کی دینی خدمات اور ان کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

Advertising

مقررین نے بتایا کہ صحابیاتؓ نے نبی اکرم ﷺ سے دین کا علم حاصل کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دیں، اپنی زندگیوں میں دین کو نافذ کیا اور پھر دین کی تعلیمات کو امت تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر خواتینِ اسلام کی دینی ذمہ داریوں، سیرتِ طیبہ ﷺ سے مضبوط وابستگی اور اسلامی تعلیمات کو عملی زندگی میں اختیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔منتظمین نے اس موقع پر ان تمام علماء، ائمہ، حفاظ اور خطباء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دعوت پر لبیک کہتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں خواتین کے اجتماعات کے انعقاد میں تعاون کیا اور اس دینی و دعوتی سلسلے کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔اجتماع کے اختتام پر صفا بیت المال سے وابستہ تمام علماء، ائمہ، حفاظ، خطباء، معاونین اور کارکنان کی دینی و دعوتی خدمات کی قبولیت، وسیلۂ نجات بننے اور سیرتِ نبوی ﷺ کو زندگیوں کا حصہ بنانے کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Advertising

اس کے علاوہ حرمین شریفین کی حاضری اور روضۂ رسول ﷺ پر باادب حاضری کی سعادت کے لیے بھی بارگاہِ الٰہی میں دعا کی گئی۔