طلبہ کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر دوپہر کا کھانا کھایا، ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کا منفرد انداز
گڈی ہتنور تلنگانہ ماڈل اسکول کا اچانک معائنہ، تعلیمی معیار، بنیادی سہولتوں اور کھانے کے معیار کا لیا جائزہ
عادل آباد۔3/نومبر(تلنگانہ وائس)
عادل آباد ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہتر بنیادی سہولتیں اور غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

منگل کے روز ضلع کلکٹر نے گڈی ہتنور منڈل مرکز میں واقع تلنگانہ ماڈل اسکول اور جونیئر کالج کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مختلف انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے جماعتوں، طلبہ کی حاضری اور اسکول میں دستیاب بنیادی سہولتوں کا معائنہ کیا۔ اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے تدریسی معیار اور طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ انہیں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آنے دی جائے۔

بعد ازاں کلکٹر نے دوپہر کے کھانے کی اسکیم کا جائزہ لیا اور طلبہ کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ انہوں نے طلبہ سے دریافت کیا کہ آیا حکومت کے مقررہ مینو کے مطابق کھانا فراہم کیا جارہا ہے، کھانے کا ذائقہ اور معیار کیسا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ذمہ داروں کو خبردار کیا کہ طلبہ کو روزانہ صاف ستھرا اور غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جائے اور کھانے کی تیاری و تقسیم میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Advertising

شاندار تقریبات کا بہترین مرکز—ڈبلیو کنوینشن ہال،اے سی، نان اے سی انکولی روڈ، عادل آباد
کلکٹر نے باورچی خانہ اور کچن گارڈن کا بھی معائنہ کیا، جہاں اسکول کے احاطے میں مختلف اقسام کی سبزیوں کی کاشت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کچن گارڈن میں اگائی گئی تازہ سبزیوں کو طلبہ کے کھانے میں استعمال کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے باغات سے طلبہ میں فطرت، پودوں کی پرورش اور ماحولیات کے تحفظ سے متعلق شعور پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور عملے کو اسکول کے اطراف صفائی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔
بعد ازاں کلکٹر نے اٹل ٹنکرنگ لیب کا دورہ کیا اور طلبہ کی جانب سے تیار کردہ تجربات اور پروجیکٹس کا مشاہدہ کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کی ستائش کی۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول میں نئے قائم کردہ یوگا اور میوزک رومز کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ تخلیقی صلاحیتوں اور جسمانی و ذہنی نشوونما پر بھی توجہ دیں۔
ضلع سطح پر منعقدہ پی ایم شری اسکولس ماک پارلیمنٹ مقابلوں میں گڈی ہتنور تلنگانہ ماڈل اسکول کے طلبہ کی کامیابی پر کلکٹر نے مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو اپنے ہاتھوں سے سرٹیفکیٹ آف میرٹ اور توصیفی اسناد حوالے کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ضلع ایجوکیشن آفیسر مادھوی، اسکول پرنسپل سرینواس، تحصیلدار کویتا ریڈی، اے پی ایم سجاتا، سرپنچ آڈے شیلا، اساتذہ اور مختلف محکموں کے عہدیدار موجود تھے۔
Advertising


