مرحومین کو وداع کرنے کے موقع پر خدمت کرنا عظیم عبادت ہے  صفا بیت المال شاخ اوٹنور کی جانب سے زنانہ تجہیز وتکفین تربیتی اجلاس سے مولانا حبیب الرحمن صاحب حسامی حیدرآباد کا خطاب

مرحومین کو وداع کرنے کے موقع پر خدمت کرنا عظیم عبادت ہے

صفا بیت المال شاخ اوٹنور کی جانب سے زنانہ تجہیز وتکفین تربیتی اجلاس سے مولانا حبیب الرحمن صاحب حسامی حیدرآباد کا خطاب

عادل آباد۔6/ستمبر (تلنگانہ وائس)

مولانا محمد مظہر حسامی نائب صدر صفابیت المال شاخ اوٹنور کی اطلاع کے بموجب صفا بیت المال شاخ اوٹنور کی جانب سے خواتین کے لئے زنانہ تجہیز وتکفین کے مسنون وشرعی طریقہ سے متعلق شعوربیداری کی غرض سے ایک عظیم الشان اجلاس بعنوان زنانہ تجہیز وتکفین تربیتی ورکشاب کا انعقاد بمقام اسٹار گیسٹ ہاوءز اوٹنور کیا گیا۔

اس اجلاس کی صدارت مولانا سیدرضوان اسعدی صدر صفا بیت المال شاخ اوٹنور اور نگرانی الحاج شیخ احمد صاحب ذمہ دار صفا بیت المال شاخ اوٹنور فرمارہے تھے اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف فرما شہر حیدرآباد کی ممتاز شخصیت حضرت مولانا حبیب الرحمن صاحب حسامی مدظلہ ناظم جامعہ ارشاد العلوم کشن باغ حیدرآباد نے خصوصی خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کو موت کا مزہ چکھتے ہوئے یہ دنیا چھوڑنا ہے ، اور دینِ اسلام کی یہ خصوصیت ہیکہ وہ ولادت سے لے کر موت تک کے احکام ومسائل سے واقف کراتا ہے، یہ تعجب کی بات ہیکہ خاندانوں میں ہم رشتہ داروں کو ایسے وقت میں دوسروں کے حوالے کردیتے ہیں جس وقت وہ ہماری خدمت کے سب سے زیادہ مستحق ہوتے ہیں، مولانا نے کہاکہ آخری وقت میں اپنوں کی خدمت ایک سعادت ہے، ماں کا اگر انتقال ہوتا ہے تو تجہیز وتکفین کی خدمت انجام دینا بیٹی کے لئے سعادت ہے ، والد کا اگر انتقال ہوجاتا ہے تو تجہیز وتکفین کی خدمت انجام دینا بیٹے کے لئے سعادت ہے۔

Advertising

مولانا نے کہاکہ عام طور پر خود رشتہ دار یا اکثر لوگ اس عظیم خدمت میں اس لئے حصہ نہیں لیتے کیونکہ وہ احکام ومسائل سے واقف نہیں ہوتے جبکہ شریعت نے تجہیز وتکفین کے خوب واضح انداز میں فضائل بھی بتلائے ہیں اور مسائل بھی، اس عظیم خدمت کی انجام دہی میں حضور ﷺ نے خوب خوش خبریاں سنائی ہیں اور شریعت نے اس کے مسائل سے خوب واقف کرایا ہے، علماء کے ذریعے ان مسائل کے نہ سیکھنے کی وجہ سے عموما متعدد مقامات پر تجہیز وتکفین کے عمل میں بدعات وخرافات اور غیر ضروری وغیرشرعی لوازمات شامل ہوگئی ہیں، مولانا نے مقامی صفا بیت المال شاخ اوٹنور کی جانب سے منعقدہ اس اجلاس کو خوب سراہا اور ذمہ داران کی خوب حوصلہ افزائی کی، اس موقع پر مولانا محترم نے تفصیلی احکام ومسائل بیان کئے بعد ازاں حیدرآباد سے تشریف لائی خواتین نے عملی طور پر شہر کی نقیبات خواتین کو تربیت دی، اس اجلاس کے انعقاد کو خواتین نے خوب کامیاب بنایا اور ہر محلہ کی مختص نقیبہ خواتین نے استفادہ کیا۔

Advertising

اس موقع پر مولانا سیدرضوان اسعدی نے کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ کے بعد خواتین کو باہمت ہوکر آگے بڑھنا چاہئے اور اس عظیم خدمت میں حصہ لینا چاہئے، اس عمل کی تربیت

دینے کے لئے حیدرآباد سے مہمانوں کی آمد ہمارے لئے نعمت ہے، اس اجلاس میں الحاج احمد بیابانی، الحاج شیخ احمد، مولانا مظہر حسامی، شیخ اویس ، علیم الدین ،زبیر خان ودیگر شامل تھے ، اجلاس کا آغاز حافظ سیدابوالقاسم نعمان سلمہ کی قرآت ونعت سے ہوا۔