عادل آباد میں ہوٹلوں اور ٹفن سنٹرس کی صفائی پر سوالیہ نشان صفائی کے ناقص انتظامات، کھانے کی اشیاء میں کیڑے مکوڑے پائے جانے کی شکایات، فوڈ سیفٹی حکام سے اچانک تنقیح کا مطالبہ

عادل آباد میں ہوٹلوں اور ٹفن سنٹرس کی صفائی پر سوالیہ نشان

صفائی کے ناقص انتظامات، کھانے کی اشیاء میں کیڑے مکوڑے پائے جانے کی شکایات، فوڈ سیفٹی حکام سے اچانک تنقیح کا مطالبہ

عادل آباد، 6 ستمبر (تلنگانہ وائس) عادل آباد شہر میں مختلف ریسٹورینٹس، ہوٹلس، ٹفن سنٹرس اور اسٹریٹ فوڈ شاپس میں صفائی کے ناقص انتظامات پر عوام میں تشویش پائی جارہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر کھانے کی تیاری اور فروخت کے دوران حفظانِ صحت کے بنیادی اصولوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔

Advertising

عوامی شکایات کے مطابق بعض ہوٹلوں اور ٹفن سنٹرس کے اطراف گندگی کے ڈھیر، مکھیاں، مچھر اور برسات کے کیڑے پائے جارہے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر سالن، سموسوں، تلی ہوئی اشیاء اور مصالحہ جات میں بھی کیڑے مکوڑے پائے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

Advertising

اسی طرح بعض تہاری اور بریانی ہوٹلوں میں کھانے کے ساتھ دی جانے والی پیاز کی جگہ کھیرا اور ککڑی استعمال کی جارہی ہے۔ بعض صارفین نے شکایت کی کہ ناقص اور خراب حالت کے کھیرے میں بھی کیڑے پائے گئے، جس کے باعث کھانے کے معیار اور حفظانِ صحت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

Advertising

پارسل لے جانے والے بعض گاہکوں اور ہوٹلوں میں کھانا کھانے والے شہریوں نے بتایا کہ متعدد ہوٹلوں میں صفائی کا مناسب نظم موجود نہیں ہے۔ بعض مقامات پر پنکھے طویل عرصے سے صفائی نہ ہونے کے باعث جالوں سے بھرے ہوئے ہیں، جبکہ واش بیسن، ہاتھ دھونے کی جگہیں، باورچی خانے، پکوان کی اشیاء رکھنے کے مقامات اور ترکاری رکھنے کی جگہوں پر بھی گندگی جمع رہنے کی شکایات ہیں۔

Advertising

شہریوں کا کہنا ہے کہ برسات کے موسم میں مچھروں، مکھیوں اور مختلف جراثیم کے پھیلاؤ کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے، ایسے میں ہوٹلوں اور ٹفن سنٹرس میں صفائی کے معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی عوامی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

عوام نے فوڈ سیفٹی حکام اور متعلقہ بلدیاتی عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عادل آباد شہر کے تمام ریسٹورینٹس، ہوٹلس، ٹفن سنٹرس اور اسٹریٹ فوڈ شاپس میں اچانک تنقیح کی جائے، کچن، اسٹوریج ایریا، استعمال ہونے والے پانی، کھانے کی اشیاء اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔

Advertising

شہریوں نے مزید مطالبہ کیا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل انتظامیہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور عوام کو معیاری و صاف ستھرا کھانا فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ فوڈ سیفٹی کے تحت ریستورانوں اور دیگر فوڈ بزنسز میں حفظانِ صحت کی تعمیل کی باقاعدہ جانچ کی گنجائش موجود ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی جانب سے بروقت اور اچانک تنقیح نہ صرف ناقص انتظامات کا سدباب کرسکتی ہے بلکہ برسات کے موسم میں ممکنہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھی اہم ثابت ہوگی۔