سرکاری نالے کی زمین پر قبضہ، جعلی لے آؤٹ تیار کرنے والے دو گرفتار ۔ سابق کونسلر وجئے بھی شامل
24 پلاٹوں میں تقسیم کرکے فروخت کرنے کی کوشش، جعلی دستاویزات تیار کرنے کا الزام — عادل آباد رورل سی آئی رحیم پاشا
عادل آباد، 15 ستمبر(تلنگانہ وائس)عادل آباد رورل پولیس اسٹیشن کے حدود میں بنگاری گوڑہ کے قریب سرکاری نالے کی زمین پر مبینہ قبضہ کرتے ہوئے جعلی لے آؤٹ تیار کرکے اسے پلاٹوں میں تقسیم اور فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ عادل آباد رورل سی آئی رحیم پاشا نے بتایا کہ ملزمین نے سرکاری اراضی پر حدود بندی کے نشانات اور پتھر نصب کرتے ہوئے اسے 24 پلاٹوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی۔
Advertising

انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز میونسپل کمشنر کی شکایت پر عادل آباد رورل پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمین نے مبینہ طور پر سرکاری زمین پر قبضہ کرتے ہوئے وہاں حدود بندی اور پتھر نصب کرکے جعلی لے آؤٹ تیار کیا تھا۔
Advertising

معاملہ میونسپل حکام کے علم میں آنے کے بعد جعلی لے آؤٹ میں نصب حدود بندی کے نشانات اور پتھروں کو ہٹا دیا گیا۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے متعلقہ زمین کے رجسٹریشن اور لنک دستاویزات کی نقلی نقول بھی ضبط کرلی ہیں۔
Advertising

سی آئی رحیم پاشا نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ زمین خریدنے سے قبل تمام متعلقہ دستاویزات کی اچھی طرح جانچ پڑتال کریں اور مکمل اطمینان کے بعد ہی زمین خریدیں۔

گرفتار ملزمین:
1. مولگوری وجے کمار (48)، ولد راج پوشم، خانہ پور، عادل آباد۔
2. راؤرنی پریش (48)، ولد دلیپ، جی ایس اسٹیٹ، این ایچ روڈ، عادل آباد؛ حال مقیم موالا۔
اس کارروائی میں عادل آباد رورل ایس آئی وی۔ وشنو وردھن اور پولیس عملہ نے حصہ لیا۔

