جائیداد کے تنازع پر 75 سالہ خاتون کو گالی گلوج اور قتل کی دھمکی موالا پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا

جائیداد کے تنازع پر 75 سالہ خاتون کو گالی گلوج اور قتل کی دھمکی

موالا پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا

عادل آباد، 6 اکتوبر(تلنگانہ وائس) عادل آباد میں اراضی کے تنازع کے معاملہ میں ایک 75 سالہ معمر خاتون کو مبینہ طور پر گالی گلوج کرنے اور قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں موالا پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

 

موالا سی آئی بی ڈی پریم کمار کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاروخ خان (26)، ولد محبوب خان، پیشہ ویلڈنگ، ساکن کے آر کے کالونی، عادل آباد کے طور پر ہوئی ہے۔

Advertising

پولیس کے مطابق نیو ہاؤسنگ بورڈ، راجیو سواگروہ زون-2 سے تعلق رکھنے والی 75 سالہ کَلا گنگا دیوی کی شکایت پر یہ مقدمہ درج کیا گیا۔

 

متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں بتایا کہ حکومت کی جانب سے سال 2010 میں منظور کیے گئے اندراما ہاؤسنگ اسکیم کے تحت کے آر کے کالونی میں سروے نمبر 68، پلاٹ نمبر 267 کی اراضی ان کے نام منظور ہوئی تھی۔ مالی مشکلات کے باعث وہ اس مقام پر مکان تعمیر نہیں کروا سکی تھیں۔

Advertising

خاتون کا الزام ہے کہ مذکورہ مقام پر ملزم شاروخ خان نے ان کے مکان کی دیوار ہٹاکر نئی تعمیر شروع کردی۔ اس سلسلہ میں 14 جون 2025 کو صبح تقریباً 8:30 بجے وہ اپنے بیٹے راگھو اور سنیل کمار کے ہمراہ مقام پر پہنچیں اور اپنی اراضی پر تعمیر کیے جانے کے بارے میں ملزم سے سوال کیا۔

 

شکایت کے مطابق اس پر شاروخ خان نے خاتون کو مبینہ طور پر نازیبا الفاظ سے گالی گلوج کی اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

 

خاتون کی شکایت پر موالا پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 283/2025 کے تحت BNS کی دفعات 329(4)، 324، 296(b) اور 351(2) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کو پیر کے روز گرفتار کرلیا گیا۔

 

پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ اراضی یا جائیداد کے تنازعات میں قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیں اور کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فوری طور پر پولیس سے رجوع کریں۔