سرکاری ملازمت دلانے کے نام پر 30 ہزار روپے کی دھوکہ دہی، رفیق نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج ڈرگ اسسٹنٹ کی نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرنے کا الزام، متاثرہ شخص کا فون نمبر کیا بلاک

سرکاری ملازمت دلانے کے نام پر 30 ہزار روپے کی دھوکہ دہی، رفیق نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج

ڈرگ اسسٹنٹ کی نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرنے کا الزام، متاثرہ شخص کا فون نمبر کیا بلاک

 

عادل آباد، 12 اکتوبر (پریس نوٹ) سرکاری ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر ایک بے روزگار نوجوان سے رقم وصول کرنے اور بعد ازاں ملازمت نہ دلانے کے معاملے میں ضلع عادل آباد کے تعلقہ تلامڈگو پولیس اسٹیشن میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ بات تلامڈگو کی ایس آئی ڈی۔ رادھیکا نے بتائی۔

 

تفصیلات کے مطابق ضلع نظام آباد کے مپکل منڈل کے موضع رنجیرلہ سے تعلق رکھنے والے توکالا شیوا کرن اپنے والد کے ہرنیا کے آپریشن کے سلسلے میں عادل آباد کے رمس اسپتال آئے تھے، جہاں ان کی ملاقات تلامڈگو منڈل کے موضع بھرم پور سے تعلق رکھنے والے محمد رفیق سے ہوئی۔ اس نے خود کو کلکٹریٹ میں ملازم ظاہر کرتے ہوئے سرکاری ملازمتیں دلانے کا دعویٰ کیا۔ شیوا کرن کے بی کام کی تعلیم حاصل کرنے کا علم ہونے پر اس نے محکمہ صحت و طب میں ڈرگ اسسٹنٹ کی ملازمت دلانے کا وعدہ کیا۔

Advertising

الزام ہے کہ محمد رفیق نے ملازمت دلانے کے لیے کارروائی کے اخراجات اور اعلیٰ عہدیداروں کو ادائیگی کے نام پر 80 ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔ اس کی باتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے شیوا کرن نے 24 اگست 2026 کو موضع بھرم پور پہنچ کر 27 ہزار روپے نقد ادا کیے، جبکہ مزید 3 ہزار روپے رفیق کی ہدایت پر پرشانت نامی شخص کو فون پے کے ذریعے منتقل کیے۔ اس طرح مجموعی طور پر 30 ہزار روپے ادا کیے گئے۔

 

تاہم رقم وصول کرنے کے باوجود ملازمت فراہم نہیں کی گئی۔ جب شیوا کرن نے اپنی رقم واپس مانگی تو مبینہ طور پر محمد رفیق نے کوئی جواب نہیں دیا اور اس کا فون نمبر بھی بلاک کردیا۔

 

متاثرہ نوجوان نے 30 ستمبر 2026 کو تلامڈگو پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

ملزم کی تفصیلات: پولیس کے مطابق ملزم ایم ڈی رفیق عرف محمد رفیق (42 سال)، ولد محمد حنیف، ساکن بھرم پور، منڈل تلامڈگو، ضلع عادل آباد ہے۔ وہ محکمہ مال میں آفس سب آرڈینیٹ کے طور پر کام کرتا تھا اور فی الحال معطل ہے۔

 

پولیس نے اس معاملے میں کرائم نمبر 205/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) کی دفعات 318(4) اور 316(5) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

 

پولیس نے بے روزگار نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ سرکاری ملازمت دلانے کے نام پر رقم طلب کرنے والے افراد کی باتوں میں نہ آئیں اور ایسی دھوکہ دہی کا سامنا ہونے پر فوری طور پر پولیس سے رجوع کریں۔