عادل آباد میں جوئے کے اڈے کے لیے جگہ فراہم کرنے والے جننگ مل مالک کے خلاف مقدمہ درج
مٹل جننگ مل کو ضبط کرنے کے لیے آر ڈی او کو مکتوب روانہ، غیر قانونی سرگرمیوں میں تعاون کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ
عادل آباد، 24 اکتوبر(تلنگانہ وائس) ضلع عادل آباد کے اندراویلی منڈل میں جوئے کے اڈے کے لیے جگہ فراہم کرنے کے الزام میں مٹل جننگ مل کے مالک گورے سیٹ کے خلاف بھی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اندراویلی ایس ایچ او ای سائیانا نے یہ بات بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ 21 اکتوبر کو ایک خستہ حال مٹل جننگ مل کے احاطے میں جوئے کے اڈے پر پولیس نے دھاوا کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ اس کارروائی کے دوران ملزمین کے قبضے سے 2 لاکھ 24 ہزار 100 روپے نقد رقم، 14 موبائل فون اور 5 موٹر سائیکلیں ضبط کی گئی تھیں۔
Advertising

ایس ایچ او کے مطابق، تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جننگ مل کے مالک کے علم میں ہونے کے باوجود وہاں جوئے کی سرگرمیاں جاری تھیں۔ اس انکشاف کے بعد مالک گورے سیٹ کے خلاف بھی مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جوئے جیسی غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والی مٹل جننگ مل کو ضبط کرنے کی درخواست کرتے ہوئے متعلقہ آر ڈی او کو مکتوب روانہ کیا جارہا ہے۔
ایس ایچ او ای سائیانا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جوئے، گانجہ اور دیگر غیر سماجی و غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ ایسی سرگرمیوں سے متعلق کوئی بھی اطلاع ملنے پر فوری طور پر پولیس کو مطلع کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے ساتھ ساتھ ان سرگرمیوں کے لیے سہولتیں فراہم کرنے اور تعاون کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

