عادل آباد کے وارڈ نمبر 32 میں خواتین میں بتکماں ساڑیوں کی تقسیم
نمائندہ کونسلر پرویز کی نگرانی میں تقریب، خواتین نے کانگریس قیادت اور کونسلر سے اظہارِ تشکر کیا
عادل آباد، 19 اکتوبر (تلنگانہ وائس)عادل آباد شہر کے وارڈ نمبر 32 میں دسہرہ تہوار کے موقع پر حکومت کی جانب سے فراہم کردہ بتکماں ساڑیوں کی خواتین میں تقسیم عمل میں لائی گئی۔ مقامی کونسلر اور نمائندہ کونسلر پرویز کی راست نگرانی میں منعقدہ اس پروگرام کی سرپرستی بزرگ شخصیت سید انصار صاحب نے کی۔
اس موقع پر خواتین نے راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، چیف منسٹر ریونت ریڈی، انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ، ڈی سی سی صدر ڈاکٹر نریش جادھو اور حلقہ انچارج کندی سرینواس ریڈی کی تصاویر پر مشتمل فلیکس کو دودھ سے نہلا کر ساڑیوں کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کیا اور کانگریس قیادت کے ساتھ ساتھ وارڈ کونسلر سے بھی اظہارِ تشکر کیا۔ اس پروگرام میں بلا لحاظ مذہب خواتین میں بتکماں ساڑیوں کی تقسیم کی گئی۔

تقریب کو کامیاب بنانے میں ظہیر الدین، جاوید، محمد فاروق، عاصم، یوسف، فہیم، مششو اور دیگر نوجوانوں نے تعاون کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نمائندہ کونسلر پرویز نے کہا کہ ریاست کی کانگریس حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے اور خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں متعارف کروائی گئی ہیں، جن سے استفادہ کرتے ہوئے خواتین فائدہ حاصل کر رہی ہیں۔
Advertising

انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد وارڈ نمبر 32 کی ترقی اور عوام کو حکومتی اسکیموں کے ثمرات پہنچانا ہے۔ پرویز نے دسہرہ تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بتکماں تہوار تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت اور خواتین کے اعزاز و احترام کی علامت ہے۔

