پاگلؔ عادل آبادی کو بعد از مرگ مخدوم محی الدین ایوارڈ دینے کا مطالبہ وسیم رومانی کی وزیرِ اقلیتی امور اور صدرنشین اردو اکیڈمی سے اپیل

پاگلؔ عادل آبادی کو بعد از مرگ مخدوم محی الدین ایوارڈ دینے کا مطالبہ

وسیم رومانی کی وزیرِ اقلیتی امور اور صدرنشین اردو اکیڈمی سے اپیل

عادل آباد، 28/ اکتوبر (صحافی عمیم شریف، تلنگانہ وائس) تلنگانہ سمیت برصغیر میں طنز و مزاح کی شاعری کے حوالے سے منفرد شناخت رکھنے والے ممتاز شاعر و قلمکار مرحوم پاگلؔ عادل آبادی کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں بعد از مرگ مخدوم محی الدین ایوارڈ سے نوازنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں مرحوم شاعر کے فرزند، ممتاز شاعر و ادیب وسیم رومانی نے ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور اظہر الدین اور صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈمی طاہر بن ہمدان سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے ضروری اقدامات کریں، تاکہ اردو ادب کے اس منفرد شاعر کی خدمات کو سرکاری سطح پر مناسب اعتراف حاصل ہوسکے۔

Advertising

وسیم رومانی کے مطابق پاگلؔ عادل آبادی نے اپنی طنزیہ و مزاحیہ شاعری کے ذریعے اردو ادب میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کے کلام میں معاشرتی ناہمواریوں پر طنز، برجستہ ظرافت، شگفتہ اسلوب اور اصلاحی فکر نمایاں طور پر جلوہ گر ہوتی ہے۔ ان کی شاعری محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ سماجی شعور کو بیدار کرنے کا وسیلہ بھی ہے۔

 

مرحوم پاگلؔ عادل آبادی کے پانچ شعری مجموعے ’الم غلم‘، ’چوں چوں کا مربہ‘، ’گڑبڑ گھوٹالا‘، ’کھٹے انگور‘ اور ’کھسر پھسر‘ شائع ہوکر ادبی حلقوں میں پذیرائی حاصل کرچکے ہیں۔ یہ مجموعے ان کے منفرد تخلیقی مزاج اور طنز و مزاح پر ان کی غیر معمولی قدرت کی عکاسی کرتے ہیں۔

 

وسیم رومانی نے کہا کہ ادبی شخصیات کی خدمات کا اعتراف اور ان کی علمی و تخلیقی میراث کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایسے اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے بلکہ نئی نسل میں اردو زبان و ادب سے دلچسپی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ اردو اکیڈمی مرحوم پاگلؔ عادل آبادی کی ادبی خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مخدوم محی الدین ایوارڈ سے بعد از مرگ سرفراز کرنے کے مطالبے پر مثبت پیش رفت کرے گی، تاکہ اردو ادب میں ان کے گراں قدر contribution کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ اور نمایاں بنایا جاسکے۔

رابطہ نمبر 

وسیم رومانی

9441711793