عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کی عہدیداروں کو ہدایت پرجاوانی میں 116 شکایات موصول، مقررہ مدت میں مسائل حل کرنے کی ہدایت؛ مانڈھاگڈہ میں پل اور اسکول شیڈ کی تعمیر مکمل، جن جاتیہ گورو دوس تقاریب 15 نومبر تک منعقد ہوں گی

عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے

ضلع کلکٹر راجرشی شاہ کی عہدیداروں کو ہدایت

پرجاوانی میں 116 شکایات موصول، مقررہ مدت میں مسائل حل کرنے کی ہدایت؛ مانڈھاگڈہ میں پل اور اسکول شیڈ کی تعمیر مکمل، جن جاتیہ گورو دوس تقاریب 15 نومبر تک منعقد ہوں گی

 

عادل آباد، 2 نومبر(تلنگانہ وائس) ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ پرجاوانی کے ذریعے عوام سے موصول ہونے والی ہر شکایت کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے مقررہ مدت میں اس کا ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی میں لاپرواہی برتنے والے عہدیداروں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پیر کے روز کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ پرجاوانی پروگرام کے دوران ضلع کلکٹر نے عوام سے راست طور پر درخواستیں وصول کیں۔ اس موقع پر اندرامّا مکانات، وظائف، روزگار ضمانت اسکیم، بھوبھارتی سمیت دیگر مسائل سے متعلق کلکٹریٹ سطح پر 64 اور منڈل سطح پر 52 شکایات موصول ہوئیں۔

Advertising

کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ موصولہ ہر شکایت پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کے درمیان تال میل کے ساتھ مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈل سطح پر ایم پی ڈی اوز، تحصیلدار اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار فیلڈ کا دورہ کرتے ہوئے شکایات کے ازالے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ اس کے علاوہ کی گئی کارروائی اور مسئلے کے حل سے متعلق تفصیلات مقررہ مدت میں پرجاوانی پورٹل پر درج کی جائیں۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ کسی ایک مسئلے کے حل کے لیے عوام کو بار بار سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کی نوبت نہیں آنی چاہیے بلکہ مسائل کی بنیادی وجوہات کا پتہ لگاتے ہوئے مستقل حل فراہم کیا جائے۔ کلکٹر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ عوام کو سرکاری خدمات بروقت فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے انجام دیں۔

 

مانڈھا گڈہ گاؤں میں پل اور اسکول کے شیڈ کی تعمیر مکمل، کلکٹر کی ستائش

ضلع کے بھورج منڈل کے موضع مانڈھاگڈہ میں کئی برسوں سے زیر التوا پل کی تعمیر اور مقامی اسکول میں اضافی شیڈ کی تعمیر کے کام ضلع کلکٹر کی خصوصی دلچسپی سے مکمل کرلیے گئے۔ پل کی تعمیر سے گاؤں والوں کو آمدورفت کی مشکلات سے راحت ملی، جبکہ اسکول میں اضافی شیڈ کی تعمیر سے طلبہ کو بہتر بنیادی سہولتیں میسر آئیں۔

گاؤں کے مسائل پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے فنڈز منظور کرکے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے پر مقامی عوام نے کلکٹر سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر گاؤں کے سرپنچ بھاڑہ رویندر، نائب سرپنچ مامڑی وینکٹ ریڈی اور گاؤں کے بزرگ نرّا وٹھل سمیت دیگر افراد نے کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں شال پوشی کے ذریعے تہنیت پیش کی۔

15 نومبر تک جن جاتیہ گورو دوس تقاریب، ضلع کلکٹر نے پوسٹرس جاری کیے

بعد ازاں بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقد کیے جانے والے جن جاتیہ گورو دوس (قبائلی افتخار دن) کی تقاریب کو ضلع بھر میں کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی ضلع کلکٹر راجرشی شاہ نے عہدیداروں سے اپیل کی۔

پیر کے روز کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں انہوں نے جن جاتیہ گورو دوس تقاریب سے متعلق پوسٹرس اور پروگراموں کا شیڈول جاری کیا۔ یکم نومبر سے 15 نومبر تک منعقد ہونے والی ان تقاریب کے دوران قبائلی عوام کی تہذیب و ثقافت، روایات، جنگ آزادی میں ان کی قربانیوں اور حکومت کی فلاحی اسکیموں سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کی ہدایت دی۔

Advertising

کلکٹر نے محکمہ تعلیم، قبائلی بہبود اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اسکولوں، کالجوں اور قبائلی اقامتی تعلیمی اداروں میں طلبہ کے لیے مصوری، مضمون نویسی، تقریری اور ثقافتی مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے تمام محکمہ جات کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے ان تقریبات کو کامیاب بنانے کا مشورہ دیا۔

 

ان پروگراموں میں ایڈیشنل کلکٹر آر ایس چترو، ایڈیشنل کلکٹر (مقامی ادارہ جات) راجیشور، زیڈ پی سی ای او روی، ڈی آر ڈی اے عہدیدار رویندر راٹھوڑ، مختلف محکمہ جات کے ضلعی عہدیداروں اور ملازمین نے شرکت کی۔