عادل آباد میں غیر قانونی سودی کاروبار کرنے والا شخص گرفتار
کسٹمر سروس پوائنٹ کی آڑ میں عوام کو بھاری سود پر قرض دینے کا انکشاف، چیک، بینک پاس بک اور جعلی مہر ضبط
عادل آباد۔2/نومبر(تلنگانہ وائس)ضلع عادل آباد کے ایچوڈہ منڈل میں غیر قانونی طور پر بھاری سود پر قرض فراہم کرتے ہوئے عوام کو مبینہ طور پر دھوکہ دینے والے ایک شخص کو ایچوڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق، ملزم آڈے کیلاش (36) ساکن جالدا گاؤں، منڈل ایچوڈہ، سری چلم ایکس روڈ پر ایس بی آئی بینک کے قریب کسٹمر سروس پوائنٹ چلاتا تھا۔ الزام ہے کہ وہ اسی مرکز کی آڑ میں بغیر کسی قانونی اجازت کے عوام کو بھاری سود پر قرض فراہم کر رہا تھا اور قرض لینے والوں سے چیک سمیت دیگر دستاویزات حاصل کر رہا تھا۔
Advertising

پولیس تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم کسٹمر سروس سینٹر کی مہر کا غلط استعمال کرتے ہوئے جعلی ربڑ اسٹامپ کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا۔
اس معاملے میں ایچوڈہ پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 501/2026 کے تحت تلنگانہ منی لینڈرز ایکٹ کی دفعہ 3(5)(B) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک خالی چیک، ایک بینک پاس بک، کسٹمر سروس سینٹر کی مہر والی دو بینک ڈپازٹ رسیدیں، مزید چار بینک ڈپازٹ رسیدیں اور ایک جعلی ربڑ اسٹامپ ضبط کیا ہے۔

اس موقع پر ایچوڈہ ایس ایچ او بی۔ پروین کمار نے عوام کو مشورہ دیا کہ بغیر قانونی اجازت کے سودی کاروبار کرنے والے افراد سے بھاری سود پر قرض حاصل کرنے سے گریز کریں اور مالی لین دین کے دوران ضروری احتیاط برتیں۔

