تلنگانہ کے اضلاع کے شعراء، ادباء اور قلم کاروں کو اردو اکیڈمی کی جانب سے اعزازات سے نوازا جائے ۔ وسیم رومانی کا مطالبہ اردو زبان و ادب کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اہل قلم کو مناسب نمائندگی اور سرکاری سطح پر پذیرائی دی جائے

تلنگانہ کے اضلاع کے شعراء، ادباء اور قلم کاروں کو اردو اکیڈمی کی جانب سے اعزازات سے نوازا جائے ۔ وسیم رومانی کا مطالبہ

اردو زبان و ادب کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اہل قلم کو مناسب نمائندگی اور سرکاری سطح پر پذیرائی دی جائے

عادل آباد، 6 نومبر (تلنگانہ وائس ڈیسک)

عادل آباد کے نوجوان شاعر وسیم رومانی نے ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود اظہرالدین اور صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان سے مطالبہ کیا کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں اردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے شعراء، ادباء اور قلم کاروں کو اردو اکیڈمی کی سالانہ تقریب میں مناسب نمائندگی فراہم کرتے ہوئے ان کی ادبی و قلمی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اردو زبان و ادب کی خدمت صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں ہے بلکہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بھی کئی اہل قلم خاموشی اور مستقل مزاجی کے ساتھ اردو زبان کی شمع روشن کیے ہوئے ہیں۔ ان کی تخلیقی کاوشیں، تصنیفات، ادبی سرگرمیاں اور اردو کے فروغ کے لیے انجام دی جانے والی خدمات ہماری تہذیبی و ادبی میراث کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ایسے اہل قلم کی خدمات کا سرکاری سطح پر اعتراف کرتے ہوئے انہیں مناسب پذیرائی اور حوصلہ افزائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Advertising

شاندار تقریبات کا بہترین مرکز—ڈبلیو کنوینشن ہال،اے سی، نان اے سی انکولی روڈ، عادل آباد

وسیم رومانی نے وزیر اقلیتی بہبود اظہرالدین سے مزید مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام ضلع کلکٹرس اور ضلع اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کریں کہ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کی تقاریب ہر ضلع میں بڑے پیمانے پر سرکاری سطح پر منعقد کی جائیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ان تقاریب کے دوران ضلع کے تمام شعراء، ادباء اور صحافیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی جائے اور توصیفی اسناد و سپاس ناموں کے ذریعے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے، تاکہ اضلاع میں اردو زبان و ادب کی خدمت کرنے والے اہل قلم کو بھی ان کا جائز مقام اور احترام حاصل ہوسکے۔