عوامی مسائل پر خاموشی نہیں، اب کچرا میونسپل دفتر کے دروازے تک پہنچا! 8 دن سے وارڈ میں کچرا گاڑیاں غائب، کونسلر سید ذیشان علی نے خود گھر گھر سے کچرا جمع کرکے میونسپل دفتر کے سامنے ڈال دیا

عوامی مسائل پر خاموشی نہیں، اب کچرا میونسپل دفتر کے دروازے تک پہنچا!

8 دن سے وارڈ میں کچرا گاڑیاں غائب، کونسلر سید ذیشان علی نے خود گھر گھر سے کچرا جمع کرکے میونسپل دفتر کے سامنے ڈال دیا

عادل آباد۔6/نومبر(تلنگانہ وائس ڈیسک) شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات اور میونسپل حکام کی مبینہ لاپرواہی کے خلاف ایک کونسلر نے ایسا انوکھا احتجاج کیا جس نے بلدیہ کے ذمہ داروں کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کردیے۔ گزشتہ آٹھ دنوں سے وارڈ میں گھر گھر کچرا جمع کرنے والی گاڑیاں نہ پہنچنے سے عوام کو درپیش مشکلات پر برہم وارڈ نمبر 26 کے کانگریس پارٹی کونسلر سید ذیشان علی نے خود میدان میں اترتے ہوئے کچرا جمع کیا اور اسے میونسپل دفتر کے سامنے لاکر ڈال دیا۔

کونسلر سید ذیشان علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ آٹھ دنوں سے ان کے وارڈ میں کچرا اٹھانے والی گاڑیاں نہیں پہنچ رہیں، جس کے باعث گھروں کے درمیان کچرے کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں۔ اس صورتحال سے نہ صرف عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے بلکہ علاقے میں صفائی کے انتظامات بھی متاثر ہورہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل دفتر کے پچھلے حصے میں واقع واٹر ٹینک کے قریب تقریباً 10 سے 15 کچرا جمع کرنے والی گاڑیاں خراب حالت میں کھڑی ہیں، لیکن متعلقہ حکام ان کی مرمت کروانے اور عوام کو اس پریشانی سے نجات دلانے میں ناکام ہیں۔

Advertisment

شاندار تقریبات کا بہترین مرکز—ڈبلیو کنوینشن ہال،اے سی، نان اے سی انکولی روڈ، عادل آباد

ذمہ داری کس کی؟ افسران ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں الزام!

کونسلر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیبر، جوان، ایس آئیز اور انجینئرنگ سیکشن کے عہدیدار اپنی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال رہے ہیں۔ میونسپل کمشنر اور متعلقہ افسران کی مبینہ بے توجہی کے باعث عوامی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔

اس احتجاج میں وارڈ نمبر 38 شادنگر کے نمائندہ کونسلر ارباز نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے بھی الزام لگایا کہ میونسپل کمشنر کی جانب سے ان کے وارڈ کو نظر انداز کیا جارہا ہے اور بنیادی مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔

عوام نے ووٹ دیا ہے، خاموش رہنے کے لیے نہیں!

حکام کے رویے سے تنگ آکر کونسلر سید ذیشان علی نے خود اپنے وارڈ کے گھروں میں جاکر کچرا جمع کیا اور اسے میونسپل دفتر کے سامنے ڈال کر اپنا احتجاج درج کرایا۔ اس انوکھے احتجاج کے ذریعے انہوں نے حکام کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ جب وارڈوں میں صفائی کا نظام ہی برقرار نہیں رکھا جاسکتا تو عوامی نمائندے آخر کب تک خاموش رہیں؟

اس موقع پر وارڈ نمبر 26 کے کونسلر سید ذیشان علی اور وارڈ نمبر 38 کے نمائندہ کونسلر ارباز نے کہا کہ عوام نے اپنے قیمتی ووٹوں کے ذریعے ہم پر بھروسہ کرکے منتخب کیا ہے۔ ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوام کے بنیادی مسائل کو حل کروانا ہماری ذمہ داری ہے۔ اگر وارڈوں کے مسائل کو مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ عوام کے حق میں اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

آخر میں سوال یہی ہے کہ جب منتخب کونسلر کو اپنے وارڈ کا کچرا خود اٹھاکر میونسپل دفتر تک لانا پڑے تو شہر میں صفائی کے انتظامات کی ذمہ داری سنبھالنے والے حکام اپنی ذمہ داری کب نبھائیں گے؟