عادل آباد میونسپلٹی میں لاپرواہ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی
وارڈ نمبر 26 کے ٹریکٹر ڈرائیور کو ملازمت سے کردیا گیا برطرف، سینیٹیشن جوان کو چارج میمو جاری ۔ کمشنر
عادل آباد۔6/نومبر(تلنگانہ وائس) عادل آباد میونسپلٹی کے حدود میں صفائی کے انتظامات میں لاپرواہی برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میونسپل کمشنر نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے ملازمین کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Advertising

کمشنر کے مطابق عادل آباد شہر کے 49 وارڈوں میں گھر گھر کچرا جمع کرنے کے لیے میونسپلٹی کی جانب سے صفائی گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے، اس کے باوجود بعض مقامات پر عوام سڑکوں، کالونیوں کے چوراہوں اور اہم مقامات پر کچرا پھینک رہے ہیں، جس کے باعث اطراف کا ماحول آلودہ ہونے کے ساتھ بدبو کا مسئلہ بھی پیدا ہو رہا ہے۔
Advertising
شاندار تقریبات کا بہترین مرکز—ڈبلیو کنوینشن ہال،اے سی، نان اے سی انکولی روڈ، عادل آباد
اس سلسلے میں وارڈ نمبر 26 میں کچرا جمع کرنے کے انتظامات میں بے ضابطگیوں کی شکایت پر میونسپل حکام نے تحقیقات کیں۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ متعلقہ ٹریکٹر ڈرائیور کو روزانہ تین ٹرپ مکمل کرنے تھے، لیکن وہ صرف دو ٹرپ کرنے کے بعد صبح تقریباً 11 بجے ہی گاڑی پارک کرکے ڈیوٹی ختم کر رہا تھا۔ اس لاپرواہی پر کمشنر نے ٹریکٹر ڈرائیور کو ملازمت سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح متعلقہ علاقے کے سینیٹیشن جوان کی جانب سے فرائض کی مناسب انجام دہی نہ کرنے پر اسے شوکاز نوٹس کے ساتھ چارج میمو بھی جاری کیا گیا ہے۔
گاڑی خراب ہونے سے کچرا جمع کرنے میں تاخیر
حکام نے بتایا کہ وارڈ نمبر 26 میں کچرا جمع کرنے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی خراب ہونے کے باعث کچھ وقت کے لیے کام متاثر ہوا تھا۔ تاہم متبادل کے طور پر فوری طور پر دوسری گاڑی کا انتظام بھی کیا گیا، لیکن تقریباً ایک سے دو گھنٹے کی تاخیر کے سبب بعض کالونیوں کے مکینوں نے چوراہوں اور سڑکوں پر کچرا ڈال دیا۔
کمشنر نے کہا کہ میونسپل گاڑیاں کچرا جمع کرنے کے لیے باقاعدگی سے پہنچ رہی ہیں، اس کے باوجود سڑکوں اور چوراہوں پر کچرا پھینکنا مناسب نہیں ہے۔ یہ مسئلہ صرف عادل آباد تک محدود نہیں بلکہ ریاست کے کئی علاقوں میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ اس لیے عوام میں صفائی کے تعلق سے مزید شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈرائیوروں اور سینیٹیشن جوانوں کی ڈیوٹی پر خصوصی نگرانی
کمشنر نے مزید بتایا کہ کالونیوں میں صفائی کے لیے استعمال ہونے والی چھوٹی گاڑیاں اور ٹریکٹر روزانہ صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ڈیوٹی انجام دینے کے پابند ہیں، لیکن بعض ڈرائیور صبح 11 یا 12 بجے تک صرف ایک یا دو ٹرپ مکمل کرکے گاڑیاں پارکنگ میں کھڑی کر رہے ہیں۔
ڈرائیوروں نے ایک، دو یا تین ٹرپ مکمل کیے ہیں، اس کی نگرانی کرنا متعلقہ سینیٹیشن جوانوں کی ذمہ داری ہے۔ تاہم مناسب نگرانی نہ ہونے کے باعث اس طرح کی بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں۔ کمشنر نے خبردار کیا کہ آئندہ ایسے ملازمین کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر انہیں ملازمت سے بھی برطرف کیا جائے گا۔
عوام سے میونسپلٹی کے ساتھ تعاون کی اپیل
میونسپل کمشنر جگدیشور گوڑنے عوام سے اپیل کی کہ گھروں کا کچرا سڑکوں، کالونیوں کے چوراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر پھینکنے کے بجائے صرف میونسپل سینیٹیشن گاڑیوں کے حوالے کریں۔ کچرا گاڑی آنے تک انتظار کریں اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ عادل آباد شہر کو صاف ستھرا بنانا صرف میونسپل ملازمین کی نہیں بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ صفائی کے معاملے میں ملازمین کی لاپرواہی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، وہیں عوام کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے میونسپلٹی کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔
جاری کردہ: میونسپل کمشنر، عادل آباد میونسپلٹی

