عادل آباد میں اقلیتی فلاح و بہبود سے متعلق تین اہم مطالبات، وزیر محمد اظہر الدین اور ٹی ایم آر ای آئی ایس نائب صدر کو بی آر ایس قائدین کی جانب سے یادداشتیں پیش
عادل آباد۔ 27/جون (تلنگانہ وائس)
عادل آباد بی آر ایس ضلع سکریٹری سید ساجد الدین نے بی آر ایس قائدین الحاج محمد یونس اکبانی، عطاء اللہ خان، ایوب خان،ڈاکٹر غوث و دیگر کے ہمراہ ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود و پبلک انٹرپرائزز محمد اظہر الدین اور تلنگانہ مائناریٹیز ریذیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز سوسائٹی (TMREIS) کے وائس چیئرمین و صدر محمد فہیم قریشی کو تین اہم مطالبات پر مشتمل یادداشتیں پیش کیں۔
پہلی یادداشت میں سنجے نگر، عادل آباد میں قائم پری میٹرک اقلیتی طالبات ہاسٹل کو ڈگری کالج گرلز ہاسٹل میں اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ یادداشت میں کہا گیا کہ دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی اقلیتی طالبات اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے عادل آباد آتی ہیں، مگر مناسب رہائشی سہولت نہ ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لیے موجودہ ہاسٹل کو اپ گریڈ کر کے طالبات کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔
دوسری یادداشت میں حکومت کی جانب سے منظور شدہ اقلیتی فلاحی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے بقایا 4.50 کروڑ روپے فوری جاری کرنے کی اپیل کی گئی۔ یادداشت کے مطابق اس رقم کی عدم اجرائی کے باعث حج ہاؤس، اردو بھون اور دیگر اقلیتی فلاحی منصوبے طویل عرصے سے نامکمل ہیں، جن کی جلد تکمیل عوامی مفاد میں ضروری ہے۔

تیسری یادداشت ٹی ایم آر ای آئی ایس کے وائس چیئرمین و صدر محمد فہیم الدین قریشی کے نام پیش کی گئی، جس میں عادل آباد ضلع کے اقلیتی رہائشی تعلیمی اداروں میں ہاؤس کیپنگ عملے کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا۔ یادداشت میں کہا گیا کہ نئے اور وسیع و عریض کیمپس عمارتوں میں منتقلی کے باوجود صفائی عملے کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا، جس کے باعث کلاس رومز، لیبارٹریز، ہاسٹلز، ڈائننگ ہال، بیت الخلاء، راہداریوں اور کیمپس کی صفائی و دیکھ بھال متاثر ہو رہی ہے۔ لہٰذا عمارتوں کے بڑھتے ہوئے رقبے کے تناسب سے اضافی ہاؤس کیپنگ عملہ تعینات کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو صاف، محفوظ اور صحت مند تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر بی آر ایس قائدین محمد یونس اکبانی، عطاء اللہ خان، ڈاکٹر غوث، قاضی سلیم، ایوب خان و دیگر بھی موجود تھے۔


