عادل آباد کی مندروں میں مسلسل چوریاں کرنے والا ملزم 19 سالہ کولایم کاشی ناتھ  گرفتار، 11 مقدمات کا انکشاف ۔ چوری کا سامان خریدی کرنے والےسنار لوکاجی وشوناتھ پر بھی مقدمہ درج ۔ ڈی ایس پی کی پریس کانفرنس

عادل آباد کی مندروں میں مسلسل چوریاں کرنے والا ملزم 19 سالہ کولایم کاشی ناتھ  گرفتار، 11 مقدمات کا انکشاف

چوری کا مال خریدنے والے سنار کے خلاف بھی مقدمہ درج، سونا، چاندی، موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقد رقم برآمد

عادل آباد، 8/ جولائی (تلنگانہ وائس)

عادل آباد کی مختلف مندروں میں مسلسل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے 11 مقدمات کا پردہ فاش کر دیا، جبکہ چوری شدہ سونا اور چاندی خریدنے والے ایک سنار کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے چہارشنبہ کے روز ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت 19 سالہ کولایم کاشی ناتھ ولد راج کمار، ساکن دسنا پور، عادل آباد کے طور پر ہوئی ہے، جو پیشے سے کمپیوٹر آپریٹر ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم عیش و عشرت کا عادی ہو چکا تھا اور جلد دولت حاصل کرنے کی خاطر مندروں کو نشانہ بنا کر مسلسل چوریاں کر رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ معمول کی گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ملزم مشتبہ حالت میں موٹر سائیکل پر گھومتا ہوا نظر آیا۔ پولیس نے اسے روکنے کی کوشش کی تو وہ فرار ہونے لگا، تاہم تعاقب کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ دورانِ تفتیش اس نے ضلع کے مختلف مندروں میں چوری کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔

Advertisment

ڈی ایس پی نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم مجموعی طور پر 11 مقدمات میں ملوث پایا گیا، جن میں ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے حدود میں 2، ون ٹاؤن میں 3، بھیم پور میں 2، تلامڈگو میں 2 اور موالا پولیس اسٹیشن کے حدود میں 2 مقدمات شامل ہیں۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مارچ سے جولائی کے دوران ملزم نے عادل آباد شہر، بھیم پور اور تلامڈگو منڈل کے مختلف مندروں میں نصب ہنڈیوں سے نقد رقم، چاندی کی آنکھیں، چاندی کے ہاتھ، چاندی کے نام، چاندی کے مجسمے، سونے کے زیورات، سونے کی مالائیں، پیتل کی گھنٹیاں، آرتی کی تھالیاں اور دیگر قیمتی اشیاء چرا کر فروخت کیں۔

پولیس نے مزید انکشاف کیا کہ ملزم چوری شدہ سونا اور چاندی اشوک روڈ، عادل آباد کے ایک سنار لوکاجی وشوناتھ کو فروخت کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق سنار کو علم تھا کہ سامان چوری کا ہے، اس کے باوجود اس نے خریداری کی، جس پر اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے تقریباً 30 تولہ چاندی کے زیورات، 2.5 گرام سونے کے زیورات، دو چاندی کی آنکھیں، ایک چاندی کا نام، ایک ہونڈا شائن موٹر سائیکل، دو موبائل فون اور 2,150 روپے نقد رقم برآمد کر لی ہے۔

ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے کہا کہ عبادت گاہوں میں چوری کرنے والوں کے ساتھ ساتھ چوری کا مال خریدنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

پریس کانفرنس میں ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے ناگا راجو، سی سی ایس انسپکٹر چندر شیکھر، ایس آئی پرنئے اور سی سی ایس ٹیم کے پولیس اہلکار بھوپتی نریش، کرانتی، کشن سمیت دیگر اہلکار موجود تھے۔