تلنگانہ کے صحافیوں کے لئے خوشخبری ۔ نئے رعایتی بس پاس جاری کرنے کی ہدایت

تلنگانہ کے صحافیوں کے لیے خوشخبری، نئے رعایتی بس پاس جاری کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔16/جون (تلنگانہ وائس) محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (I&PR) تلنگانہ نے ریاستی اور ضلعی سطح کے منظور شدہ (Accredited) ورکنگ جرنلسٹس کے لیے رعایتی ٹی جی آر ٹی سی بس پاسوں کے اجرا کے سلسلے میں اہم احکامات جاری کیے ہیں۔ محکمہ کی جانب سے ٹی جی آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کو ارسال کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سال 2026 تا 2028 کے لیے صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ مزید کارڈوں کی اجرائی کا عمل جاری ہے۔

حکمنامہ کے مطابق نئے ایکریڈیٹیشن کارڈ حاصل کرنے والے صحافی 17 جون 2026 سے ٹی جی آر ٹی سی پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست دے کر 30 اپریل 2028 تک کے رعایتی بس پاس حاصل کر سکیں گے۔

اسی طرح جن صحافیوں کو ابھی تک نئے ایکریڈیٹیشن کارڈ موصول نہیں ہوئے ہیں، ان کے موجودہ ریاستی و ضلعی صحافتی بس پاسوں کی مدت میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے 17 جون 2026 سے 30 جون 2026 تک مؤثر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ انہیں سفری سہولت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے اسپیشل کمشنر جی مکندا ریڈی نے متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔