زرعی کھیتوں میں غیر قانونی گانجہ کی کاشت، دو افراد کے خلاف مقدمات
38.50 لاکھ روپے مالیت کے 385 گانجہ کے پودے ضبط، ملزمان فرار ۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن کی پریس کانفرنس
عادل آباد۔18/ستمبر (تلنگانہ وائس)
عادل آباد ضلع میں پولیس نے گانجہ کی غیر قانونی کاشت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 385 گانجہ کے پودے ضبط کیے ہیں، جن کی مالیت تقریباً 38 لاکھ 50 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

عادل آباد رورل پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع پوٹمما لوددی گاوں کے مضافاتی علاقے میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر دو الگ الگ زرعی کھیتوں میں کارروائی کی۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے جمعہ کے روز رورل پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کو کیس کی تفصیلات بتائی۔
Advertising

ایس پی اکھل مہاجن نے بتایا کہ پہلی کارروائی میں میسرم گنگارام پٹیل کے کھیت سے 315 گانجہ کے پودے برآمد ہوئے، جن کی مالیت تقریباً 31 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔

جبکہ دوسری کارروائی میں میسرم ناگو کے کھیت سے 70 گانجہ کے پودے ضبط کیے گئے، جن کی مالیت تقریباً 7 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
Advertising

ایس پی اکھل مہاجن نے بتایا کہ دونوں ملزمان کارروائی کے وقت موقع پر موجود نہیں تھے اور فرار ہیں۔ دونوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات جاری ہیں۔
Advertising

ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے خبردار کیا کہ گانجہ کی کاشت، خرید و فروخت، نقل و حمل اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایس پی نے بتایا کہ ضلع میں گانجہ کی کاشت کے خلاف کارروائی کے تحت اب تک تقریباً 250 ایکڑ اراضی پر گانجہ کاشت کرنے والوں کو سرکاری اسکیموں سے فائدہ نہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گانجہ سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاع 8712659973 واٹس ایپ نمبر پر دیں۔ اطلاع دینے والوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی اور انہیں نقد انعام و اعزاز سے نوازا جائے گا۔
پولیس نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر ان کے بچے گانجہ یا دیگر منشیات کے عادی ہو رہے ہوں تو پولیس کو اطلاع دیں، ایسے افراد کو ڈی ایڈکشن سنٹر منتقل کرکے علاج فراہم کیا جائے گا۔
اس کارروائی میں عادل آباد ڈی ایس پی ایل. جیون ریڈی، رورل سی آئی رحیم پاشا، سی سی ایس انسپکٹر چندرشیکھر، رورل ایس آئی وی. وشنو وردھن اور دیگر پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔

