عادل آباد میں ڈی جے پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ
واٹس ایپ گروپس میں ڈی جے کی اجازت سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں: ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی
عادل آباد میں ڈی جے مالکان و گاڑی مالکان کے خلاف 10 مقدمات درج، ڈی جے اور گاڑیاں ضبط؛ واٹس ایپ پر جھوٹی تشہیر کرنے والوں پر پولیس کی نظر
عادل آباد، 17 /ستمبر(تلنگانہ وائس) گنیش نوراتری کے تہوار کے پیشِ نظر عادل آباد سب ڈویژن کے حدود میں ڈی جے کے استعمال پر کسی بھی قسم کی اجازت نہیں ہے۔ عادل آباد ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی نے واضح کیا کہ ڈی جے کی اجازت دیے جانے سے متعلق بعض افراد کی جانب سے واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پر کی جانے والی تشہیر جھوٹی ہے، عوام ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں۔
Advertising

ڈی ایس پی نے کہا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی جے استعمال کرنے والے گنیش منڈپوں کے منتظمین کے علاوہ ڈی جے اور گاڑیوں کے مالکان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اب تک عادل آباد سب ڈویژن کے حدود میں ڈی جے اور گاڑی مالکان کے خلاف 10 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، جبکہ ڈی جے سسٹم اور گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔
Advertising

انہوں نے مزید کہا کہ واٹس ایپ گروپس میں ڈی جے کے استعمال کی اجازت ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں پر بھی پولیس کی جانب سے نظر رکھی جا رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Advertising

ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی نے عوام اور گنیش منڈپوں کے منتظمین سے اپیل کی کہ گنیش نورتری کی تقریبات پُرامن ماحول میں منعقد کرنے کے لیے پولیس کا تعاون کریں۔ انہوں نے گنیش وسرجن پروگرام کو مقررہ وقت پر شروع کرنے اور مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔


