کاماریڈی میں ہندی دیوس کا شاندار انعقاد،ہندی زبان کی مٹھاس ہر فرد تک پہنچائی جائے ۔ ڈی ای او ملیکارجن
تلنگانہ وائس نیوز
کاماریڈی، 19/ ستمبر (سید کوثر علی کی رپورٹ) ہندی زبان کی مٹھاس اور اہمیت کو سماج کے ہر فرد تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایجوکیشن آفیسر ملیکارجن نے کیا۔ وہ ہندی فورم کاماریڈی ضلع کے زیر اہتمام ورالکشمی گارڈنز میں منعقدہ ہندی دیوس تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہندی ملک میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں شامل ہے اور عوامی رابطے کی زبان کی حیثیت سے اسے اہم مقام حاصل ہے۔

ہندی ایک قدیم اور عظیم ادبی سرمایہ رکھنے والی زبان ہے اور دنیا کے مختلف ممالک میں بھی ہندی بولنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے ہندی زبان سیکھنے اور اسے فروغ دینے کی اپیل کی۔تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر واصلہ ورا پرساد، شاتاواہن یونیورسٹی نے ہندی زبان کی مٹھاس اور ادبی عظمت کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ہندی زبان و ادب کے فروغ کے لیے ماہرینِ زبان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ہندی ادب کی اقدار اور عظمت کو اجاگر کیا۔اس موقع پر بی بی پیٹ ہائی اسکول کے ہندی استاد نرسملو کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے تیار کردہ ’ہندی ابھیاَس دیپیکا‘ مطالعاتی مواد کی رسمِ اجرا ضلع ایجوکیشن آفیسر ملیکارجن کے ہاتھوں عمل میں آئی۔

تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے ہندی گیت، رقص، ڈرامے اور حب الوطنی پر مبنی ثقافتی پروگرام پیش کرتے ہوئے حاضرین کو محظوظ کیا۔ مختلف منڈلوں سے تعلق رکھنے والے سینئر ہندی اساتذہ کو تہنیت پیش کی گئی، جبکہ مصوری اور مضمون نویسی کے مقابلوں میں کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

ضلع ایجوکیشن افسران بلرام، نیلم لنگم اور وینو شرما نے ہندی فورم کی اجتماعی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب میں ہندی فورم ضلع صدر اندر شیکھر، جنرل سکریٹری سہندر ناتھ، خازن وکرم کمار، مشیران نارلا ارون کمار، چنتلا لنگم، غفور شیکھشک، بی این گری، گجیلی رمیش، ونشی دھر، پنچ شیل، نرسمہلو، لکشمن، سدرشن، شیام کمار کے علاوہ ہندی اساتذہ، طلبہ اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Advertising


