ٹی یو ڈبلیو جے ایف ضلع کمرم بھیم آصف آباد یونٹ کی نئی باڈی تشکیل . محمد ماجد اقبال ضلع صدر، نصیر احمد خان جنرل سکریٹری نامزد

ٹی یو ڈبلیو جے ایف ضلع کمرم بھیم آصف آباد یونٹ کی نئی باڈی تشکیل .

محمد ماجد اقبال ضلع صدر، نصیر احمد خان جنرل سکریٹری نامزد

کاغذ نگر، 19/ ستمبر ( تلنگانہ وائس نیوز )

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (ٹی یو ڈبلیو جے ایف) کی ریاستی قیادت کی نگرانی میں ضلع کمرم بھیم آصف آباد یونٹ کی نئی ضلعی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس سلسلے میں حیدرآباد کے گن فنڈری میں واقع میڈیا پلس آڈیٹوریم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریاستی صدر ایم۔اے۔ ماجد، ریاستی نائب صدر ایم۔اے۔کے۔ فیصل صاحب اور ریاستی جنرل سکریٹری سید غوث محی الدین اور ریاستی خازن ایم اے محسن صاحب کی موجودگی میں ضلع یونٹ کے نو منتخب عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔

Advertising

ریاستی کمیٹی کی جانب سے محمد ماجد اقبال کو ضلع کمرم بھیم آصف آباد کا صدر جبکہ نصیر احمد خان کو جنرل سکریٹری نامزد کیا گیا۔ اسی طرح سید شوکت علی کو ضلع نائب صدر اور محمد رئیس احمد کو خازن کی ذمہ داری سونپی گئی۔ ڈاکٹر رحیم رامش اور محمد شہباز احمد (آر ٹی آئی) کو قانونی مشیر مقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ دیگر عہدیداران پر مشتمل ضلعی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

Advertising

اس موقع پر ریاستی صدر ایم۔اے۔ ماجد نے نو منتخب ضلعی عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی کمیٹی صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور صحافتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور متحرک انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اردو صحافیوں کے مسائل اور جائز مطالبات کو متعلقہ حکام تک مؤثر انداز میں پہنچانے اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے اتحاد و اتفاق کے ساتھ اجتماعی جدوجہد ضروری ہے۔

Advertising

اجلاس میں ریاستی سینیئر جرنلسٹ نائب صدور ایم اے کے فیصل، سید عظمت علی شاہ، احمد جیلانی، ، ریاستی جوائنٹ سکریٹریز ، شیخ خلیل فرہاد، محمد لیئق خان، سید واجد حسینی، آرگنائزنگ سکریٹری محمد امجد علی، خزانشی محمد عبدالمحسین کے علاوہ ضلعی صحافیوں میں مفخم احمد، وصی احمد خان، محمد انعام الرحمن زماں، احمد امین کے علاوہ دیگر صحافیوں اور فیڈریشن کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

بعد ازاں نو منتخب ضلع صدر محمد ماجد اقبال اور جنرل سکریٹری نصیر احمد خان سمیت دیگر عہدیداران نے ریاستی قیادت کا تہہ دل سے اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحافتی برادری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ حکام کے سامنے پیش کرنے، اردو صحافیوں کے حقوق و مفادات کے تحفظ اور ضلع میں صحافیوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پوری ذمہ داری، اخلاص اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔