پولیس ہیڈکوارٹر عادل آباد میں بَتُکَمّا تہوار شاندار انداز میں منایا گیا
تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت کی عکاسی، ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے اہلِ خانہ کے ساتھ شرکت کی
عادل آباد۔26/اکتوبر(تلنگانہ وائس ڈیسک)تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت اور روایتی اقدار کی علامت بَتُکَمّا تہوار عادل آباد ضلع پولیس ہیڈکوارٹر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ رنگ برنگے پھولوں سے سجائی گئی بَتُکَمّا، تلنگانہ کے لوک گیتوں، خواتین کے روایتی رقص اور خوشی و مسرت سے بھرپور تقریبات نے پولیس ہیڈکوارٹر کے احاطے کو تہوار کے رنگوں سے سجا دیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے پولیس افسران، ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کے ہمراہ تہوار کی خوشیاں منائیں۔

اس پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی (انتظامیہ) پی مونیکا آئی پی ایس کے علاوہ پولیس افسران، ملازمین، پولیس دفتر کے عملے، ہوم گارڈز، مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی خواتین پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خواتین ملازمین نے روایتی لباس زیب تن کرتے ہوئے قدرتی حسن کی علامت مختلف رنگ برنگے پھولوں سے بَتُکَمّا کو خوبصورتی سے سجایا۔
Advertising

اس موقع پر ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس نے کہا کہ پولیس افسران اور ملازمین مسلسل ڈیوٹی میں مصروف رہتے ہیں، ایسے میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ تہوار منانا خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بَتُکَمّا تہوار تلنگانہ کی خواتین کی محبت و اپنائیت، فطرت سے لگاؤ، خاندانی رشتوں اور سماجی اتحاد کی علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت کی عکاسی کرنے والے بَتُکَمّا تہوار کو دنیا بھر میں شناخت حاصل ہو رہی ہے۔
ایس پی نے بتایا کہ مختلف پھولوں کو خوبصورتی سے ترتیب دے کر گورمّا کی پوجا کرنا، خواتین کا ایک جگہ جمع ہوکر دائرے کی شکل میں بَتُکَمّا کے گرد گھومتے ہوئے لوک گیت گانا، ہمارے آبا و اجداد سے چلی آرہی ایک عظیم روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فطرت کی عبادت، پھولوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور خواتین کے درمیان محبت و بھائی چارے کو فروغ دینا اس تہوار کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
تقریبات کے دوران پولیس دفتر اور مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین ملازمین نے خوبصورتی سے سجائی گئی بَتُکَمّا کی نمائش کی۔ بہترین اور دلکش انداز میں سجائی گئی بَتُکَمّا کے لیے ضلع ایس پی نے انعامات تقسیم کرتے ہوئے ملازمین کی حوصلہ افزائی کی۔ بعد ازاں تمام شرکاء نے بَتُکَمّا کے گرد جمع ہوکر لوک گیت گائے اور رقص کرتے ہوئے خوشی و مسرت کے ساتھ تہوار منایا۔ ان تقریبات سے پولیس خاندانوں کے درمیان دوستی، اتحاد اور باہمی اپنائیت کو فروغ ملا۔
اس پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی بی سریندر راؤ، ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی، سرکل انسپکٹرس، ریزرو انسپکٹرس، سب انسپکٹرس، خواتین پولیس اہلکاروں، دیگر پولیس افسران و ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

