رِمس میں زیرِ التواء کاموں کو جنگی پیمانے پر مکمل کیا جائے مریضوں کو بہتر طبی خدمات اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ

رِمس میں زیرِ التواء کاموں کو جنگی پیمانے پر مکمل کیا جائے

مریضوں کو بہتر طبی خدمات اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ

عادل آباد، 30 اکتوبر (تلنگانہ وائس) ضلع کلکٹر راجَرشی شاہ نے عادل آباد کے رِمس اسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں اور زیرِ التواء مسائل کو جنگی پیمانے پر حل کرتے ہوئے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو بہتر طبی خدمات اور ضروری بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

جمعہ کے روز رِمس میڈیکل کالج میں واقع ڈائریکٹر کے چیمبر میں ضلع کلکٹر نے رِمس کے عہدیداروں اور انجینئرنگ حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر اسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت، طبی خدمات، بنیادی سہولیات اور زیرِ التواء مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

Advertising

اس موقع پر کلکٹر راجَرشی شاہ نے کہا کہ اسپتال میں زیرِ التواء سول ورکس، برقی مرمت اور آکسیجن پائپ لائن سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے مختلف محکموں کے عہدیداروں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے اور ترقیاتی کاموں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت کے اندر تمام کام مکمل کرتے ہوئے مریضوں کے لیے ضروری سہولیات دستیاب کرائی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

کلکٹر نے اسپتال میں صفائی ستھرائی، مریضوں کی دیکھ بھال اور حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے متعلقہ کنٹریکٹرس کو ہدایت دی کہ صفائی عملہ، مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے ملازمین اور سکیورٹی گارڈز اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے انجام دیں اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

 

اسی طرح اسپتال کے احاطے میں موجود غیر ضروری پرانے سامان اور اسکریپ اشیاء کو ضابطوں کے مطابق ناکارہ قرار دینے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت آر ایم او ڈاکٹر وجئے سارتھی کو دی گئی۔

 

کلکٹر نے کہا کہ رِمس میں طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور مریضوں کو ضروری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام محکموں کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔

 

اس اجلاس میں مقامی اداروں کے ایڈیشنل کلکٹر راجیشور راؤ، رِمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جئے سنگھ، ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سادھنا، ایگزیکٹیو انجینئر رام کمار، میونسپل اسسٹنٹ انجینئر ارون، ڈرگ انسپکٹر، شعبۂ اطفال اور امراضِ نسواں کے ماہر ڈاکٹرس، پنچایت راج اور محکمہ عمارات و شوارع کے انجینئرنگ عہدیداروں، رِمس کے شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔

 

تلنگانہ وائس | عادل آباد