راہول کامبلے کی خودکشی کے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ، ضلع ایس پی اور کلکٹر کو یادداشت پیش
ٹی پی سی سی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے وائس چیئرمین درگم شیکھر کی قیادت میں ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی سے ملاقات
عادل آباد.30/اکتوبر(تلنگانہ وائس) عادل آباد شہر کے سری رام کالونی سے تعلق رکھنے والے راہول کامبلے کی خودکشی کے واقعے کی جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا گیا۔

اس سلسلے میں ٹی پی سی سی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے وائس چیئرمین درگم شیکھر کی قیادت میں وفد نے ضلع ایس پی اکھل مہاجن آئی پی ایس اور ضلع کلکٹر راجرشی شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے الگ الگ یادداشتیں پیش کیں۔
Advertising

وفد نے حکام کو بتایا کہ راہول کامبلے نے خودکشی سے قبل ایک خط تحریر کیا تھا، جس میں اس نے ریمس اسپتال میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور پولیس اہلکاروں کو اپنی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ وفد نے اس معاملے کے تمام پہلوؤں کی تفصیلی جانچ کرتے ہوئے حقائق کو منظرِ عام پر لانے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ واقعے کی مناسب تحقیقات کی جائیں گی اور تحقیقات میں جو بھی ذمہ دار پائے جائیں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ اسی طرح ضلع کلکٹر راجرشی شاہ سے بھی متعلقہ حکام کے ذریعے تحقیقات کروا کر متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے مناسب کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی۔
درگم شیکھر نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انصاف ملنے تک ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کو اعلیٰ حکام اور ریاستی حکومت کے علم میں بھی لاتے ہوئے متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
اس موقع پر راہول کامبلے کے والدین، بھائی راجو کامبلے، نکھل کامبلے، امبیڈکر اسوسی ایشن کے ضلع صدر بھیم راؤ واگھمارے، سماتا سینک دل کے سینٹرل کمیٹی ساؤتھ انڈیا آرگنائزر دیپک واگھمارے، ضلع آرگنائزر رماکانت کامبلے اور دیگر موجود تھے۔

