ویلڈنگ یونین کی جانب سے لیبر کارڈس کی تیاری کا سلسلہ جاری

ویلڈنگ یونین کی جانب سے لیبر کارڈس کی تیاری کا سلسلہ جاری

عادل آباد، 4 /جولائی (تلنگانہ وائس): عادل آباد ویلڈنگ یونین کی جانب سے صدر جمیل خان کی قیادت میں ویلڈرس کے لیے لیبر کارڈس بنانے کی مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ ویلڈرس کو حکومت کی فلاحی اسکیمات سے جوڑنا اور انہیں مختلف سماجی و معاشی سہولیات سے مستفید کرنا ہے۔

ویلڈنگ یونین کے صدر جمیل خان نے میڈیا کے لیے جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ لیبر کارڈ رکھنے والے مزدور مختلف سرکاری فلاحی اسکیمات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ مزدوروں کو حادثاتی صورت حال میں لاکھوں روپے تک کے انشورنس کا تحفظ بھی حاصل ہوتا ہے، اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی دیگر مراعات اور امدادی اسکیمات سے بھی استفادہ ممکن ہے۔

انہوں نے ضلع بھر کے تمام ویلڈرس سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد اپنے لیبر کارڈ بنوا کر حکومت کی فلاحی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔ جمیل خان نے کہا کہ ویلڈنگ یونین مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل خدمات انجام دے رہی ہے اور مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔